0
Saturday 10 Oct 2020 23:31

فواد چوہدری کا ٹِک ٹاک پر عائد پابندی ہٹانے کیلئے وزیراعظم کو خط

فواد چوہدری کا ٹِک ٹاک پر عائد پابندی ہٹانے کیلئے وزیراعظم کو خط
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ٹِک ٹاک پر عائد پابندی ہٹانے کے لیے وزیراعظم کو خط لکھ دیا۔ فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ٹک ٹاک پر پابندی سے بین الاقوامی کاروبار اور پاکستان کی ٹیکنالوجی بیٹھ جائے گی، پابندی کے فیصلے پر نظرثانی کی جائے۔ فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اس وقت ہم ڈیجیٹل ٹیکنالوجی پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں، پولیس اہلکاروں کے لیے خصوصی اردو سافٹ ویئر تیار کر رہے ہیں، جس کے ذریعے ان کو ڈرون ٹیکنالوجی کے استعمال میں آسانی ہوگی۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گِل نے کہا ہے کہ غیر اخلاقی ویڈیوز کی وجہ سے ٹک ٹاک ایپ بند کی گئی، وزیراعظم سے کچھ والدین نے اس بارے میں شکایت کی تھی اور ویڈیوز بھی بھیجی تھیں۔

شہباز گل کا کہنا تھا کہ ضابطہ اخلاق بنانے سے متعلق ٹک ٹاک انتظامیہ سے بات چیت جاری ہے، اگر ٹک ٹاک انتظامیہ نے اخلاقی ضوابط پر عمل کیا تو ایپ کو پاکستان میں دوبارہ بحال کر دیں گے۔ خیال رہے کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے گذشتہ روز چینی سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ پی ٹی اے کے مطابق معاشرے کے مختلف طبقوں کی جانب سے ٹک ٹاک پر غیر اخلاقی اور غیر مہذب مواد کی موجودگی کی شکایات کی گئی تھیں، جس کے بعد ایپ پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا۔ خیال رہے کہ گذشتہ دنوں وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان معاشرے میں بڑھتی عریانیت اور فحاشی پر شدید پریشان ہیں اور انہوں نے تمام متعلقہ حکام کو اس کی روک تھام کے لیے ہدایت کی ہے، کیونکہ ایسا نہ ہوا تو اس کے نتیجے میں پاکستانی معاشرے کی سماجی و مذہبی اقدار تباہ ہو جائیں گی۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے ایک یا دو نہیں بلکہ 15 یا 16مرتبہ اس معاملے پر مجھ سے بات کی ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ مرکزی میڈیا اور سوشل میڈیا اور اس کی ایپلی کیشنز کے ذریعے پھیلنے والی فحاشی کی روک تھام کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے۔ شبلی فراز نے کے مطابق وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کہ عریانیت کی وجہ سے بچوں اور خواتین کے ریپ کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے حال ہی میں انہیں بتایا کہ ٹک ٹاک جیسی ایپس معاشرے کی اقدار کو زبردست نقصان پہنچا رہی ہیں، لہٰذا اسے بلاک کرنا چاہیئے۔
خبر کا کوڈ : 891346
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش