0
Sunday 7 Aug 2011 18:10

امریکی سفیر کی بلوچستان میں پراسرار سرگرمیوں کا نوٹس لیا جائے اور اسے وائسرائے بننے سے روکا جائے، حاجی فضل کریم

امریکی سفیر کی بلوچستان میں پراسرار سرگرمیوں کا نوٹس لیا جائے اور اسے وائسرائے بننے سے روکا جائے، حاجی فضل کریم
لاہور:اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور قومی اسمبلی کے رکن صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم نے کہا ہے کہ عوام کی سہولت کے لیے نئے صوبوں کا قیام ضروری ہے، البتہ نئے صوبے لسانی نہیں انتظامی بنیادوں پر بننے چاہئیں اور اس مقصد کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت اور افہام و تفہیم سے کام لیا جائے، کیونکہ جلد بازی میں فیصلے کرنا نقصان دہ ہو گا۔ سیاسی قیادت نئے صوبوں کے قیام کے معاملے میں آپس میں الجھنے کی بجائے بالغ نظری کا مظاہرہ کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر ضیاء المصطفیٰ حقانی کی طرف سے دیئے گئے افطار ڈنر کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ امریکی سفیر کی بلوچستان میں پراسرار سرگرمیوں کا نوٹس لیا جائے اور امریکی سفیر کو وائسرائے بننے سے روکا جائے۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے کہا کہ امریکہ دنیا میں اسلحہ کا سب سے بڑا بیوپاری اور بھارت اسلحے کا سب سے بڑا خریدار ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ، بھارت اور اسرائیل اسلام اور پاکستان دشمنی کے نام پر متحد ہو چکے ہیں۔ ان حالات میں حب الوطنی کا تقاضا ہے کہ پوری قومی قیادت پاکستان کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے متحد ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں ایٹمی ہتھیاروں کا سب سے پہلے اور واحد تباہ کن استعمال امریکہ نے کیا تھا جبکہ دو عالمی جنگوں میں یورپی ملکوں نے کروڑوں انسانی زندگیاں تباہ کیں، لیکن اس کے باوجود یورپ اور امریکہ انسانی حقوق کے ٹھیکیدار بنے ہوئے ہیں۔
دعوت افطار میں پیر سید محفوظ مشہدی، پیر سید محمد صفدر شاہ گیلانی، پیر سید محمد اقبال شاہ، مفتی محمد حسیب قادری، محمد نواز کھرل، صاحبزادہ عثمان علی، معین الحق علوی، سلمان چوہدری، شیخ اظہر سہیل، صاحبزادہ نعیم عارف نوری، صاحبزادہ سید شاہد گردیزی اور دیگر نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 90059
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش