0
Wednesday 27 Jan 2021 21:08

مغربی کنارے پر غاصب صیہونی فوجیوں کا وسیع کریک ڈاؤن، 20 فلسطینی نوجوان گرفتار

مغربی کنارے پر غاصب صیہونی فوجیوں کا وسیع کریک ڈاؤن، 20 فلسطینی نوجوان گرفتار
اسلام ٹائمز۔ غاصب صیہونی رژیم نے گذشتہ شب فلسطینی مغربی کنارے پر دھاوا بول کر دسیوں فلسطینی نوجوانوں کو ان کے گھروں سے گرفتار کر لیا ہے۔ فلسطینی خبررساں ایجنسی "معا" کے مطابق غاصب صیہونی فوج کی جانب سے آج علی الصبح مغربی کنارے کے مختلف حصوں پر حملہ کر کے 20 فلسطینی نوجوانوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے جن میں 2 حقیقی بھائیوں سمیت اسرائیلی جیلوں سے رہا ہو کر گھر واپس پہنچنے والے متعدد فلسطینی شہری بھی شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی فوج نے شہر رام اللہ کے شمال میں واقع قصبے بیرزیت سے 27 سالہ مجدی ناصر وشحہ اور 24 سالہ مہند نجیب سیف، سبسطیہ سے ایہم ناھض عقل، شہر جنین کے جنوب میں واقع برقین اور قباطیہ سے 2 کمسن نوجوانوں سمیت 5 فلسطینی شہریوں اور شہر بیت اللحم کے مرکزی علاقے وادی شاہین سے ایک 21 سالہ نوجوان کو گرفتار کر لیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی فوج نے اپنے وسیع کریک ڈاؤن کے دوران اسرائیلی جیل میں سالہا سال قید گزار کر تازہ آزاد ہونے والے متعدد فلسطینی شہریوں کو بھی دوبارہ گرفتار کر لیا ہے جن میں شہر نابلس کے گاؤں مادما سے ثابت نصار بھی شامل ہیں۔ فلسطینی قیدیوں کی دیکھ بھال کے ادارے (Palestinian Prisoner Club) کے سربراہ کمال بن عودہ نے قصبہ طوباس میں میڈیا کو بتایا کہ غاصب صیہونی فوج نے اس قصبے پر حملے کے دوران اسرائیلی جیل سے تازہ آزاد ہونے والے مصطفی حسین بن عودہ کو بھی دوبارہ گرفتار کر لیا ہے جبکہ اسی صیہونی کریک ڈاؤن میں شہر الخلیل سے؛ عیسی النجار اور نزار محمد یوسف النواجعۃ نامی 2 دوسرے فلسطینی شہریوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ حزما نامی قصبے کے ایک گھر سے بھی ایک ہی خاندان کے 5 ایسے فلسطینی شہریوں کو دوبارہ گرفتار کیا گیا ہے جو حال ہی میں اسرائیلی جیلوں سے آزاد ہوئے تھے جن کے نام یہ ہیں: ندیم عبدالحمید حسن الخطیب، مصعب عبدالرحمن حسن الخطیب، عودۃ احمد عسکر الخطیب، اسامۃ علی عسکر الخطیب اور عادل عصام عسکر الخطیب۔
خبر کا کوڈ : 912749
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش