0
Thursday 11 Feb 2021 20:52

جماعت اسلامی کا ’’استحکام خاندان مہم‘‘ چلانے کا اعلان

جماعت اسلامی کا ’’استحکام خاندان مہم‘‘ چلانے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی نے استحکام خاندان مہم چلانے کا اعلان کر دیا۔ 14 فروری کو یوم حیا کے طور پر منایا جائے گا۔ ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف کے مطابق جماعت اسلامی کے زیراہتمام 11 فروری سے 11 مارچ تک استحکام خاندان تحریک چلائی جائے گی اور 14 فروری کو یوم حیا کے طور پر منایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ استحکام خاندان مہم کے دوران سیمینارز، ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ 8 مارچ کو یوم خواتین کی مناسبت سے لاہور سمیت تمام صوبائی ہیڈکوارٹرز پر ریلیوں کا اہتمام کیا جائے گا جبکہ 11 مارچ کو پی سی ہوٹل لاہور میں بین الاقوامی خواتین کنونشن کا انعقاد کیا جائے گا۔ قیصر شریف کا کہنا تھا کہ مغرب نواز نام نہاد مادر پدر آزاد این جی اوز مافیا پاکستان کی اسلامی شناخت کو ختم کرنے کے درپے ہے، یہی وجہ ہے کہ 14 فروری کو ویلنٹائن جیسے بے ہودہ تہوار کو مخصوص مقاصد کیلئے پاکستان میں پروموٹ کیا گیا۔

قیصر شریف کا کہنا تھا کہ 8 مارچ کو یوم خواتین کی آڑ میں بیرون ملک سے چند آنٹیاں پاکستان میں گھس آتی ہیں اور پاکستانی خواتین کو ’’عورتوں کے حقوق‘‘ کے نام پر بے راہ روی کا شکار کرنے کی کوشش کرکے فرار ہو جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی مدر پدر آزاد لبرل خواتین کیلئے پاکستان میں کوئی جگہ نہیں، پاکستان کو اسلام کے نام پر  حاصل کیا گیا تھا اور جماعت اسلامی پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کیلئے ہراول دستے کا کردار ادا کرتی رہے گی۔ قیصر شریف نے کہا کہ اسلام نے خواتین کو احترام دیا ہے، جبکہ یہ مغرب زدہ چند آنٹیاں پاکستانی عورت کو گمراہ کرکے شمع محفل بنانے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الحمدللہ ہماری خواتین سمجھدار اور اسلامی اقدار سے محبت کرنیوالی ہیں، ہماری باعفت خواتین نے ان مغرب زدہ چند لبرل آنٹیوں کے ایجنڈے کو گزشتہ برس بھی مسترد کر دیا تھا اور رواں سال بھی 8 مارچ کو انہیں اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گی۔
خبر کا کوڈ : 915682
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش