0
Tuesday 23 Mar 2021 18:13

ہم پاکستان کو بانیان پاکستان کے خوابوں کے مطابق تعمیر کریں گے، خالد مقبول صدیقی

ہم پاکستان کو بانیان پاکستان کے خوابوں کے مطابق تعمیر کریں گے، خالد مقبول صدیقی
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ آج ہی کے دن 1940ء میں بانیان پاکستان نے ایک علیحدہ وطن کا خواب دیکھا تھا جو 14 اگست 1947ء کو شرمندہ تعبیر ہوا، آج کے دن ہمیں اس عہد کا عزم کرنا ہے کہ ہم پاکستان کو بانیان پاکستان کے خوابوں کے مطابق تعمیر کریں گے اور اس ملک کو حقیقی معنوں میں فلاحی و جمہوری ریاست بنائیں گے، جہاں سب کو بلاامتیاز و مذہب و رنگ برابری کے حقوق حاصل ہوں گے۔

81ویں یوم پاکستان کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کنوینر ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ ہم ایک ایسا وطن چاہتے ہیں جہاں جاگیردارانہ وڈیرانہ نظام نہ ہو بلکہ ایک ایسا نظام ہو جہاں کسان کی نمائندگی کسان کررہا ہو، مزدور کی نمائندگی مزدور اور عوام کی نمائندگی خاندانوں کے بجائے انکے حقیقی نمائندے کر رہے ہوں۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان ایک ایسے نظام کیلئے جدوجہد کر رہی ہے جو بانیان پاکستان کے نظریہ کے مطابق ہوں۔ انہوں نے 81ویں یوم پاکستان کی مبارک باد قوم کو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی و تعمیر میں نوجوانوں اور طالب علموں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور ایک ایسا پاکستان تعمیر کرنا ہوگا جہاں سب معاشی، اقتصادی، سیاسی، سماجی اور مذہبی آزادی کے ساتھ رہ سکیں۔
خبر کا کوڈ : 923044
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش