0
Thursday 18 Aug 2011 23:35

امریکی خوشنودی کے لئے دینی مدارس کے کوائف اکٹھے کئے جا رہے ہیں، سید وسیم اختر

امریکی خوشنودی کے لئے دینی مدارس کے کوائف اکٹھے کئے جا رہے ہیں، سید وسیم اختر
لاہور:اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ ہمارا اجتماعی نظام دین اسلام سے ہٹا ہوا ہے گھروں میں ہندوؤں اور انگریزوں کا کلچر پروان چڑھ رہا ہے، ہمارے معاشرے میں ہندوؤں کی فضول رسموں کو سینے سے لگا لیا گیا ہے، جبکہ اسلام مکمل ضابطہ حیات ہ ۔ نماز، روزہ، حج، زکوۃدین کی بنیادیں ہیں، نظام تعلیم ، معیشت، قانون انفرادی و اجتماعی مسائل غرض کے ہر شعبہ زندگی کے لئے رہنمائی اور ہدایت موجود ہے۔
مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زرداری، نواز شریف ٹولہ اور لاشوں کی سیاست کرنے والے الطاف حسین سمیت تمام اتحادی جماعتیں ملک میں مہنگائی،بے روزگاری، لاقانونیت اور لوڈشیڈنگ کے عذاب کی ذمہ دار ہیں۔ جب سے یہ ٹولہ ایوان اقتدار میں آیا ہے عوام کے بنیادی مسائل میں اضافہ ہوا ہے۔ وزیراعظم اور صدر مملکت کا ایک ایک دورہ کروڑوں روپے میں پڑتا ہے۔ بجلی اور گیس کے ریٹ بڑھا کر قوم پر ظلم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکمران اتحادیوں نے کراچی کے حالات خراب کیے ہوئے ہیں۔ غریب اور مزدور دو وقت کی روٹی کے لئے ترس رہے ہیں۔ حکومت اور قانون نافذ کرنے ادارے امن و امان بر قرار رکھنے میں ناکام ہیں۔ درجنوں افراد ہر آئے روز ٹارگٹ کلنگ میں مارے جاتے ہیں۔ مارکیٹوں، دکانوں، گھروں اور ٹرانسپورٹ کو نذر آتش کیا جا رہا ہے۔ جو حکومت امن وامان اور شہریوں کے تحفظ کے لئے کوئی کام نہ کرے اس سے کسی قسم کے خیر کی توقع نہیں۔
ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا کہ جماعت اسلامی بحالی صوبہ بہاولپور کے لئے چلنے والی تحریک کا ہر اول دستہ ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ ملتان اور ہزارہ کے لوگوں کو بھی ان کا آئینی حق ملنا چاہئے۔ ہم انتظامی بنیادوں پر سرائیکیوں کے حقوق کے حصول کے لئے بھی آواز اٹھاتے ہیں۔
دریں اثنا ڈاکٹر سید وسیم اختر نے حکومت کی جانب سے دینی مدارس کے کوائف اکھٹے کرنے پر شدید الفاظ میں تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مدارس کا کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔ امریکی خوشنودی کے لئے ایسا کیا جا رہا ہے، جس کی جتنی بھی مزمت کی جائے کم ہے۔ آج تک ایک درسگاہ منفی سرگرمیوں میں ملوث نہیں پائی گئی۔ حکمران ہوش کے ناخن لیں، مانیٹرنگ کے لئے اتحاد تنظیمات المدارس پہلے سے فعال کردار ادا کر رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 92868
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش