0
Wednesday 28 Apr 2021 18:58

وزیراعظم اور بل گیٹس کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، کوویڈ19 اور انسداد پولیو مہم پر گفتگو

وزیراعظم اور بل گیٹس کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، کوویڈ19 اور انسداد پولیو مہم پر گفتگو
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان اور بل گیٹس کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں کوویڈ 19، پولیو کے خلاف مہم اور ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم نے پولیو سے پاک پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق عمران خان اور بل گیٹس کی ٹیلیفونک گفتگو میں وزیراعظم نے کورونا وائرس، غربت کے خاتمے کے لیے بل گیٹس فاؤنڈیشن کے کام کی تعریف کی اور بل گیٹس کو ماحولیات کے تحفظ کے لیے پاکستان کے اہم منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ بل گیٹس نے ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لئے پاکستان کے عزم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو اس عالمی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے اکٹھا ہونا چاہیئے، ماحولیاتی تبدیلی کے باعث دنیا کا خوراک کا نظام خطرے سے دوچار ہے، عالمی رہنماء موافقت کے لیے زرعی تحقیق میں سرمایہ کاری کو ترجیح دیں۔

وزیراعظم عمران خان اور بل گیٹس نے کورونا وباء، پولیو اور ویکسینیشن کے ذریعے قابو پائی جانے والی بیماریوں کے خاتمے کے لیے مشترکہ جدوجہد کے عزم کا اعادہ کیا۔ عمران خان نے کہا پاکستان سے پولیو کا خاتمہ ترجیح ہے، کورونا کی تیسری لہر اور چیلنجز کے باوجود پولیو کے خلاف موثر مہم جاری ہے، احساس پروگرام میں بل گیٹس فاؤنڈیشن کا تعاون کمزور طبقے کی مدد کرتا ہے، وزیراعظم اور بل گیٹس نے مشترکہ مقاصد پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
خبر کا کوڈ : 929708
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش