0
Monday 17 May 2021 20:55

مجلس احرار نے اکیس مئی کو یکجہتی فلسطین منانے کا اعلان کر دیا

مجلس احرار نے اکیس مئی کو یکجہتی فلسطین منانے کا اعلان کر دیا
اسلام ٹائمز۔ مجلس احرار اسلام پاکستان اور تحریک تحفظ ختم نبوت نے اعلان کیا ہے کہ وہ 21 مئی جمعۃ المبارک کو فلسطینیوں اور پورے عالم اسلام کے حق میں پورے ملک میں مظاہرے کرے گی اور تمام جماعتوں کے احتجاجی مظاہروں میں شرکت بھی کرے گی۔ مجلس احرار اسلام پاکستان کے قائدین نے کہا ہے کہ فلسطین میں اسرائیل کی جارحیت پر مسلم ممالک کی خاموشی فلسطینیوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ مجلس احرار اسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ سید محمد کفیل بخاری، سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل میاں محمد اویس نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ مجلس احرار اسلام پاکستان فلسطین پر اسرائیل کی جارحیت کی پر زور مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہتے فلسطینیوں پر عید کے دنوں میں ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑے گئے جبکہ بچوں سمیت سینکڑوں بے گناہ مسلمانوں کو شہید کیا گیا اور فلسطین میں میڈیا ہاوسز کی عمارت کو بھی دھماکہ سے اڑایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اس ظلم و سفاکیت پر مسلم ممالک کی خاموشی فلسطینی مسلمانوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ علاوہ ازیں حاجی عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا کہ فلسطینیوں کے حق میں احتجاج کرنے پر 21 کشمیریوں کو گرفتار کرنیوالی بھارتی غنڈہ گردی کو بھی بند کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کو اب ایک ہو کر کفر یہ طاقتوں کو منہ توڑ جواب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوج اور بھارتی فوج کے ظلم نے ہٹلر کے ظلم کو بھی مات دے دی۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ حکمران جلد سے جلد کوئی ٹھوس اقدام کرکے فلسطینیوں اور کشمیریوں کے زخموں پر مرہم رکھنے کا انتظام کریں۔
خبر کا کوڈ : 932929
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش