0
Friday 4 Jun 2021 16:26

بیت المقدس کی حفاظت پوری امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے، مرکز تحفظ اسلام ہند

بیت المقدس کی حفاظت پوری امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے، مرکز تحفظ اسلام ہند
اسلام ٹائمز۔ مرکز تحفظ اسلام ہند کی جانب سے منعقد عظیم الشان آن لائن تحفظ القدس کانفرنس کی پانچویں نشست سے خطاب کرتے ہوئے دارالعلوم دیوبند کے استاذ مولانا اشرف عباس قاسمی نے کہا کہ اسرائیل کا وجود اور اس کا غاصبانہ اور ظالمانہ قیام عالم اسلام کی کمزوری اور غلامی سے ہے اور یہ مسئلہ تبھی حل ہوگا جب بیت المقدس اور فلسطین آزاد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بیت المقدس کئی سو سالوں تک مسلمان کے پاس رہا پھر عالم اسلام جب کمزور ہوا تو بیت المقدس پر یہودیوں نے قبضہ کرلیا۔ مولانا اشرف عباس قاسمی نے کہا کہ یہ بات واضح ہے کہ جب بیت المقدس آزاد ہوگا تو عالم اسلام بھی آزاد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آج اسلامی ممالک اپنی شان و شوکت اور حکومت کی خاطر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے اور اغیار کی غلامی میں مصروف ہے۔ یہی وجہ ہے کہ عالم اسلام کوئی متفقہ رائے قائم نہیں کر پا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کی آزادی بیت المقدس سے کی آزادی وابستہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ قرب قیامت کی نشانیاں ظاہر ہو رہی ہیں اور دجال کے انتظار میں فلسطین کے قریب یہودی جمع ہو رہے ہیں تو بات واضح ہے کہ بیت المقدس کی آزادی قریب ہے۔ مولانا اشرف عباس قاسمی نے کہا کہ فلسطین اور غزہ کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور بہت جلد یہودی اپنے انجام کو پہنچیں گے اور بیت المقدس آزاد ہوگا، جس سے عالم اسلام میں بھی آزاد ہو جائے گا اور پوری دنیا میں اسلام کا غلبہ ہوگا لیکن اس سے قبل مسلمانوں کو جو قربانیاں دینی ہوں گی اس کے لئے ہمیں تیار رہنا ہوگا۔ تحفظ القدس کانفرنس کی دوسری نشست سے خطاب کرتے ہوئے جامعہ اسلامیہ مسیح العلوم بنگلور کے بانی و مہتمم مولانا مفتی محمد شعیب اللہ خان مفتاحی نے کہا کہ اسرائیل ایک دہشتگرد ملک ہے اور انسانیت سے اسکا کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیت المقدس اور فلسطین پر ناجائز قبضہ اور مظلوم فلسطینیوں پر ظلم و ستم اسرائیل دہشتگردی کا واضح ثبوت ہے۔ لیکن اللہ کا شکر ہے کہ نہتے فلسطینیوں کے سامنے اسرائیل نے آج اپنے گھٹنے ٹیک دئے اور جنگ بندی کا اعلان کیا۔

مولانا محمد شعیب اللہ خان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے فلسطین کو فتح عطاء فرماتے ہوئے پوری دنیا کو یہ پیغام دے دیا کہ جو اللہ کے لئے بڑھتا ہے اور اللہ کی راہ میں چلتا ہے اسے اللہ فتح عطاء فرماتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب دجال ظاہر ہوگا اور حضرت امام مہدی اور حضرت عیسٰی علیہ السلام تشریف لائیں گے اور کفر کے خلاف جنگیں کریں گے اور دجال کا مقابلہ کریں گے لہٰذا قرب قیامت کے اس دور میں ہمیں چاہیئے کہ اپنے ایمان کی فکر کریں اور اسے مضبوط کریں اور ہمت و شجاعت اور بہادری کو اپنائیں تاکہ جب حضرت امام مہدی اور حضرت عیسٰی علیہ السلام تشریف لائیں گے تو انکے لشکر میں ہم یا ہماری نسل شریک ہوکر کفار کا مقابلہ کر سکے۔ مولانا محمد اسجد قاسمی ندوی نقشبندی نے کہا کہ مسلمانوں کے نزدیک مکہ اور مدینہ کے بعد مسجد اقصٰی سب سے مقدس مقام ہے، جہاں آج اسرائیل کا ناجائز قبضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیت المقدس سے مسلمانوں کا رشتہ ایمانی اور مذہبی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قبلہ اول کی حفاظت پوری امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے لیکن افسوس کا مقام ہے کہ عالم اسلام کے حکمرانوں کاہلی، عیش کوشی، بے تدبیری اور ناعاقبت اندیشی میں مبتلا ہیں۔
خبر کا کوڈ : 936234
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش