0
Sunday 4 Jul 2021 22:23

جماعت اسلامی سندھ کے تحت مہنگائی کیخلاف کراچی تا کشمور احتجاجی مظاہرے

جماعت اسلامی سندھ کے تحت مہنگائی کیخلاف کراچی تا کشمور احتجاجی مظاہرے
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے تحت مرکزی امیر سراج الحق کی اپیل پر مہنگائی، بیروزگاری اور سودی نظام کے خلاف ملک گیر یوم احتجاج کی اپیل کے سلسلے میں اتوار کو جماعت اسلامی سندھ کے تحت بھی کراچی تا کشمور احتجاجی مظاہرے کئے گئے، جن سے مرکزی، صوبائی اور ضلعی قیادت نے خطاب کیا، مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے، جن پر ”بجلی، گیس، پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ نامنظور، آئی ایم ایف کی معاشی دہشتگردی نامنظور، عوام دشمن بجٹ نامنظور، حکمرانو ایک کروڑ نوکریوں کے بدلے لاکھوں افراد کیوں بیروزگار، لاکھوں گھر دینے کی بجائے لوگوں کو بے گھر کرنے کا جواب دو“ کے نعرے درج تھے، جبکہ مظاہرین حکومتی معاشی پالیسیوں اور مہنگائی کیخلاف فلک شگاف نعرے بھی لگا رہے تھے۔ کراچی سکھر، حیدرآباد، لاڑکانہ، جیکب آباد، شکارپور، کندھ کوٹ، بدین، تھرپارکر، ٹھٹھہ، شہدادکوٹ، کنڈیارو، ٹنڈو الہیار، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈوآدم و دیگر شہروں میں منعقدہ احتجاجی مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ جب سے موجودہ حکومت برسراقتدار آئی ہے، بڑھتی ہوئی مہنگائی، بیروزگاری اور سودی معاشی دہشتگردی نے عوام کا جینا مشکل کر دیا ہے۔

رہنماؤں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر تین سالوں میں بجلی، گیس، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور کھانے پینے کی اشیاء پر بے تحاشا ٹیکس عائد کرنے کی وجہ سے عام آدمی کیلئے دو وقت کی روٹی حاصل کرنا بھی مشکل ہو چکا ہے، بجٹ کے فوری بعد بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ منی بجٹ کی ایک جھلک ہے، آئی ایم ایف اور سودی نظام معیشت سے نجات حاصل کئے بغیر ملکی ترقی اور قوم کی خوشحالی کا خواب کبھی سچا نہیں ہو سکتا۔ جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر اسداللہ بھٹو نے حیدرآباد پریس کلب پر منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سودی نظام معیشت عالمی مالیاتی اداروں کا اہم ہتھیار ہے، موجودہ حکمران بھی آئی ایم ایف کے چیلے ہیں، جن سے عوامی بھلائی کی امید نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی اور زرعی شعبے پر چند لوگوں کا قبضہ، جبکہ عام مزدور اور کسان کا خون چوسا جا رہا ہے، جس ملک میں ظلم اور ناانصافی کا نظام رائج ہو وہ کبھی ترقی نہیں کرسکتا، اس لئے جماعت اسلامی مہنگائی، بیروزگاری اور سودی نظام کیخلاف تحریک چلا رہی ہے، ہماری تحریک تب تک جاری رہے گی، جب تک ملک سے ظالمانہ اور جاگیردارنہ نظام کا خاتمہ نہیں ہو جاتا۔

اسداللہ بھٹو نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کے تین سال مکمل ہونے کو ہیں لیکن ایک کروڑ نوکریوں، پچاس لاکھ گھروں کا وعدہ ابھی تک وفا نہیں ہو سکا، جبکہ وفاقی کابینہ کے وزراء اور مشیروں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) بھی موجودہ حکومت کے عوام دشمن اقدامات میں برابر کی شریک ہیں، جس کی واضح مثال حالیہ بجٹ اجلاس میں ان کی خاموش تعاون ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیسری بار وزیر خزانہ کی تبدیلی کے باوجود آج بھی ملک کی معاشی حالت ابتر اور عوام بدحال ہیں۔ درایں اثنا صوبائی قائم مقام امیر پروفیسر نظام الدین میمن نے شکارپور پریس کلب، صوبائی نائب امیر ممتاز حسین سہتو نے کنڈیارو پریس کلب، صوبائی نائب امیر حافظ نصراللہ عزیز نے لاڑکانہ پریس کلب، صوبائی جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے شہداد کوٹ نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 941561
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش