0
Wednesday 24 Aug 2011 17:53

وفاقی کابینہ کا کراچی میں فوج طلب کرنے کے مطالبات پر خدشات کا اظہار

وفاقی کابینہ کا کراچی میں فوج طلب کرنے کے مطالبات پر خدشات کا اظہار
اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں کراچی میں فوج طلب کرنے کے مطالبات پر خدشات و تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ کراچی کو مٹھی بھر دہشتگردوں کے ہاتھوں یرغمال نہیں بننے دیں گے۔ کراچی میں نو جگہوں پر دہشتگردوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی توثیق کی گئ۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کابینہ نے جمعتہ الوداع کو کراچی میں امن کے لئے یوم دعا کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے, وفاقی وزیر نے کہا کہ ایم کیو ایم کے ساتھ رابطے ہیں اور ہم ایم کیو ایم کی حکومت میں شمولیت کے منتظر ہیں۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ الطاف حسین نے وزیر اعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ نہیں کیا، ان کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیا کراچی میں فوج کو آنے کے لئے اکسا رہا ہے لیکن فوج بلانا کراچی کے مسئلے کا پائیدار حل نہیں، وزیر اطلاعات نے کہا کہ کابینہ نے چیچوکی ملیاں اور نندی پور پاور پلانٹس کی منظوری دیدی ہے۔ دونوں پاور پلانٹس سے ایک ہزار میگاواٹ بجلی پیداکی جائیگی۔
دیگر ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے سندھ حکومت کے فیصلوں کی توثیق کر دی، کراچی میں فوج کو نہ بلانے کا فیصلہ کیا ہے، شہر کے نو علاقوں میں رینجرز کے ذریعے ٹارگیٹڈ آپریشن کیا جائے گا۔ وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کراچی میں فوج بلانے سے متعلق جاری مہم پر اپنے خدشات اور تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں بارہ نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا اور صوبائی حکومت کے تمام فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ شہر کے نو علاقوں میں رینجرز کے ذریعے ٹارگیٹڈ آپریشن کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فوج کو ملک کے کونے کونے میں گھسیٹنا موجودہ حالات میں مناسب نہیں۔ اس لئے رینجرز کی صلاحیتوں سے نتائج حاصل کئے جائیں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ کراچی کو لسانی اور مذہبی بنیادوں پر تقسیم نہیں ہونے دیں گے اور ٹارگٹ کلرز کو میڈیا کو سامنے لانے اور کسی بھی معاملے کو پوشیدہ نہ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ زرعی شعبے کی پیداوار کو ٹیکس سے مستثنٰی کر دیا گیا ہے، توانائی کا بحران حل کرنے کیلئے نندی پور اور چیچو کی ملیاں پاور پلانٹ سے ایک سے ڈیڑھ سال کے عرصے میں ایک ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کر لی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی سلامتی، استحکام اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے علماء سے جمعتہ الوداع پر خصوصی دعاوٴں کی اپیل کی گئی ہے۔ وزیر اطلاعات نے بتایا کہ سرکاری اداروں کی تنظیم نو کا روڈ میپ جلد کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 94198
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش