0
Tuesday 6 Sep 2011 10:51

عرب عوام اپنے ملکوں میں عوامی بیداری کو امریکہ کے ہاتھوں ہائی جیک ہونے سے بچائیں، صاحبزادہ فضل کریم

عرب عوام اپنے ملکوں میں عوامی بیداری کو امریکہ کے ہاتھوں ہائی جیک ہونے سے بچائیں، صاحبزادہ فضل کریم
مانچسٹر:اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم نے کہا ہے کہ امریکہ اگر اپنے خلاف نفرت کی عالمی لہر کو ختم کرنا چاہتا ہے تو مسلمانوں کے مسائل اور ملکوں پر قبضے کی پالیسی ترک کرکے جیو اور جینے دو کی روش اختیار کرے۔ ان خیالات کا اظہار حاجی فضل کریم نے برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں "صداقت اسلام کانفرنس" سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر امریکہ نے عراق اور افغانستان میں مسلمانوں کا قتل عام بند نہ کیا تو امریکہ کے خلاف نفرت کی عالمی لہر طوفان کی شکل اختیار کرلے گی جس پر قابو پانا مشکل ہو جائے گا۔ سنی اتحاد کونسل کے چیرمین نے مصر، لیبیا، تیونس اور شام کے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے ملکوں میں حالیہ عوامی بیداری کو امریکہ کے ہاتھوں ہائی جیک ہونے سے بچائیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک بین الاقوامی معرکے میں میدان جنگ بنا ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ اس وقت شیطان کبیر بن چکا ہے۔ انہوں نے زور دیکر کہا کہ علماء مغربی معاشرے میں حقیقی اسلام اور حقیقت اسلام پیش کریں۔ اسلام عظمت آدم کا علمبردار اور انسان دوست مذہب ہے۔ مسلمان دہشت گرد نہیں بلکہ دہشت گردی کا شکار ہیں۔ اسلام ایک انسان کے قتل کو ساری انسانیت کے قتل کے مترادف قرار دیتا ہے۔ اسلام کی تبلیغ کو موثر بنانے کے لیے صوفیاء کے طرز عمل کو اپنانے اور پھیلانے کی ضرورت ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ اسلام عورتوں کے حقوق کا سب سے بڑا محافظ اور علمبردار ہے۔ امت مسلمہ قیادت کے فقدان کا شکار ہے۔ مسلمان ترقی، عروج اور خوشحالی کے لیے علم اور عمل کا راستہ اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی امن کے لیے فلسطین، کشمیر، افغانستان اور عراق کے مسئلہ کا حل ضروری ہے۔
صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ بیرونی ممالک میں مقیم پاکستانی مسلمان اپنے حسن کردار سے لوگوں کو متاثر کریں۔ انہوں نے کہا کہ آج کا ظاہر پرست انسان اندر سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ تڑپتی انسانیت بالآخر اسلام کے دامن رحمت سے وابستہ ہو کر سکون سے آشنا ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 96713
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش