0
Friday 17 Dec 2021 21:40

صدر زرداری نے امریکی مخالفت کے باوجود ایران سے گیس پائپ لائن کا معاہدہ کیا، وقار مہدی

صدر زرداری نے امریکی مخالفت کے باوجود ایران سے گیس پائپ لائن کا معاہدہ کیا، وقار مہدی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی نے گیس کی بندش کے خلاف کورنگی میں سوئی سدرن گیس کے دفتر کے باہر ہونے والے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پورے پاکستان میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر مہنگائی، بے روزگاری اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف پورے پاکستان میں مظاہرے ہو رہے ہیں، آج یہ احتجاج گیس کی بندش کے خلاف ہے، گیس کی لوڈشیڈنگ کے نام پر گیس مکمل بند کر دی گئی ہے، صوبہ سندھ جو کہ ملک کی 71 فیصد گیس پیدا کرتا ہے، اسی صوبے کو گیس سے محروم رکھا گیا ہے، آج پورے سندھ میں گیس کی بندش ہے، عوام کے چولہے ٹھنڈے کر دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے اپنے دور حکومت میں امریکہ کی مخالفت کے باوجود ایران سے گیس پائپ لائن کا معاہدہ کیا اور ایران گیس پائپ لائن پاکستان کے بارڈر تک مکمل ہوچکی ہے، لیکن موجودہ اور سابقہ حکمرانوں نے یہ منصوبہ سرد خانے کی نذر کرکے ملک کو گیس کے بدترین بحران کا شکار کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے اپنے ایف بی آر کے سابق چیئرمین نے کہا کہ ملک دیوالیہ ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کہ بے روزگاری اور مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے، لوگوں کے پاس دو وقت کی روٹی نہیں ہے کہ وہ اپنے بچوں کا پیٹ پال سکیں۔ وقار مہدی نے کہا کہ جان بچانے والی ادویات سمیت تمام دواوں کی قیمتوں میں 300 فیصد اضافہ کر دیا گیا، ان کا اپنا گورنر یہ کہتا ہے کہ پاکستان کو آئی ایم ایف اور سعودی عرب کے ہاتھوں گروی رکھ دیا گیا ہے، دس دسمبر کو بھی پاکستان پیپلز پارٹی نے مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف پورے ملک میں شاندار مظاہرے منعقد کئے تھے اور آج بھی حکومت کیخلاف احتجاجی مظاہروں میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کرکے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا ایم کیو ایم نے کبھی بھی غریبوں کے مسائل لئے کوئی آواز نہیں اٹھائی اور نہ ہی ان کے لئے کوئی کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ وسیم اختر نے اپنے دور میں اختیارات ہونے کے باوجود سوائے رونے کی کچھ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے کراچی شہر کے ساتھ بہت کھلواڑ کرلیا، اب ان کی لسانیت اور نفرت کی سیاست کا چورن نہیں بکے گا، اب کراچی کی عوام ان کا کسی صورت ساتھ نہیں دے گی، کیونکہ وہ اب باشعور ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے عوام کے مفاد میں سندھ کا جو بلدیاتی قانون بنایا ہے، وہ عوام دوست قانون ہے، جو عوام دشمنوں کو ہضم نہیں ہو رہا ہے۔ وقار مہدی نے کہا کہ آنے والا وقت بلاول بھٹو زرداری کا ہے، کیونکہ وہ جانتے ہیں عوام کے مسائل کس طرح حل کئے جاتے ہیں، اب صرف بلاول زرداری ہیں، جو عوام کو اس بحرانوں سے نکال سکتے ہیں، اس سے پہلے بھی پاکستان پیپلز پارٹی نے اقتدار میں آکر عوام کو ان کے حقوق دلائے ہیں اور ملک کو ترقی و خوشحالی سے ہمکنار کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سلیکٹڈ حکمرانوں کے خلاف جو عوامی تحریک شروع ہوئی ہے، وہ حکومت کے خاتمے تک جاری رہے گی۔
خبر کا کوڈ : 968994
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش