0
Saturday 18 Dec 2021 10:21

کرپشن ملک کو تباہ کر دیتی ہے، عمران خان

کرپشن ملک کو تباہ کر دیتی ہے، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی  بدحالی کےذمہ دار بھٹو اور شریف خاندان ہیں۔ غیرملکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں وسائل کی کوئی کمی نہیں، بھٹو اور شریف خاندان نے وسائل کا ناجائز استعمال کیا۔ عمران نے کہا کہ ہم ملک کو خوشحال بنانا چاہتے ہیں، ہمارا مقابلہ دو ایسے خاندانوں سے ہے جو دولت سے مالا مال ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے عمران خان نے مزید کہا کہ بھٹو اور شریف خاندان سیاست نہیں خاندانی نظام قائم کرنا چاہتے ہیں جبکہ پاکستان کی بدحالی کے ذمہ دار بھی یہی دونوں خاندان ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی معاشرہ قانون کی حکمرانی کے بغیر قائم نہیں رہ سکتا اور کرپشن ملک کو تباہ کر دیتی ہے۔ وزیراعظم عمران خان  نے کہا کہ میں پاکستان کا سب سے زیادہ فنڈ جمع کرنے والا شخص ہوں جبکہ میرے والد نے پاکستان کی اپنی نوعیت کی پہلی انجینئرنگ کنسلٹنسی فرم قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ جیت سے زیادہ ہار ہمیں غلطیوں سے سیکھنا سکھاتی ہے۔


اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ چینی اسکینڈل پر حکومت حرکت میں آئی جبکہ وزیروں کے خلاف بدعنوانی کے الزامات سامنے آئے تو خود شفاف تحقیقات کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ نبیﷺ کو رول ماڈل سمجھتا ہوں جبکہ نوجوانوں کو نبی کریم ﷺ کی تعلیمات سے خود کو سنوارنا ہو گا۔ وزیراعظم عمران خان نے کشمیر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر ایک بڑے قیدخانے کا منظر پیش کر رہا ہے اور 80 لاکھ کشمیری ایک کھلی جیل میں زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم کشمیر کا مسئلہ ہر فورم پر اجاگر کریں گے جبکہ بی جے پی کی حکومت بھارت اور خطے کیلئے خطرناک ہے مجھے  خدشہ ہے کہ بی جی پی کی موجودگی میں پاک بھارت ایٹمی جنگ نہ چھڑ جائے۔ عمران خان نے انٹرویو دیتے ہوئے مزید کہا کہ  نائن الیون میں کوئی افغان شہری ملوث نہیں تھا لیکن افغانستان پر امریکا کی مسلط کردہ جنگ ایک جنونی عمل تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے افغانستان میں نام نہاد جنگ کے نام پر 20 سال تک قبضہ کیے رکھا، سمجھ نہیں آیا امریکی افغانستان میں کیا اہداف حاصل کرنا چاہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ایک کروڑ 40 لاکھ عوام امداد کی منتظر ہیں اور امریکا کو اب افغان عوام کا ساتھ چھوڑنا نہیں چاہیے۔
خبر کا کوڈ : 969046
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش