0
Thursday 26 May 2022 22:34

تحریک عدم اعتماد پر ہمیں اعتماد میں لیا جاتا تو ہم ضرور بات کرتے، اختر مینگل

تحریک عدم اعتماد پر ہمیں اعتماد میں لیا جاتا تو ہم ضرور بات کرتے، اختر مینگل
اسلام ٹائمز۔ بی این پی کے رہنماء سردار اختر مینگل نے سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اور بی اے پی کے صدر جام کمال خان کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے بلوچستان میں تبدیلی کے حوالے سے جام کمال سے کوئی معاہدہ نہں ہوا تھا۔ پی ڈی ایم کی اسٹیڈنگ کمیٹی کے ممبر کی حیثیت سے مرکزی قیادت کے اجلاسوں میں ایسی کوئی شرط نہیں رکھی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جام کمال وزارت اعلیٰ کھونے کے غم میں عمران خان سے بھی آگے نکل گئے ہیں۔ عمران خان کے پاس تو سیاسی قوت ہے، جسکا وہ مظاہرہ کر رہے ہیں۔ لیکن جام کمال کے پاس جھوٹ کے سوا کچھ نہیں۔ بلوچستان کا دکھ جتنا جام کمال کو ہے ہم جانتے ہیں۔ جام کمال کو وزارت اعلیٰ کی چمک بلوچستان کھینچ کر لاتی ہے۔

سردار اختر مینگل نے کہا کہ ساڑھے تین سال تک بلوچستان کے ساتھ جو کھلواڑ ہوا، صوبے کے عوام اچھی طرح جانتے ہیں۔ ہم ابھی تک جام دور حکومت میں اپنے ارکان پر بکتر بند گاڑیاں چڑھانے اور تھانوں میں بند کرنے کے واقعات کو نہیں بھولے ہیں۔ جام کمال کیسے بھول گئے کہ میاں نواز شریف کی حکومت جانے کے بعد انہوں نے ن لیگ کو کیوں چھوڑا۔ جام صاحب کا مقصد صرف اقتدار کا حصول ہے۔ تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے ہمیں اعتماد میں لیا جاتا تو ہم ضرور ان سے بات کرتے۔ جب ہر طرف سے انہیں سرخ جھنڈی دکھائی دی، تو پھر انہیں ہم یاد آئے۔
خبر کا کوڈ : 996236
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش