1
Tuesday 5 Mar 2024 23:48

تازہ ترین عالمی و علاقائی خبروں پر مشتمل اسلام ٹائمز کا خصوصی نیوز بلیٹن

متعلقہ فائیلیںخصوصی نیوز بلیٹن کے موضوعات:

1۔ سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائی کیلیے قرارداد قومی اسمبلی میں جمع کروا دی گئی، سنی اتحاد کونسل نے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے قرارداد جمع کروا دی ہے، قراداد کے متن کے مطابق بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف مقدمات کو فی الفور ختم کیا جائے اور انہیں رہا کیا جائے، قانون کا غلط استعمال مزید بند کیا جائے۔ سنی اتحاد کونسل کی قرارداد کے مطابق شاہ محمود قریشی، پرویز الہیٰ، ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، صنم جاوید، اعجاز چوہدری، محمود الرشید سمیت دیگر کو رہا کیا جائے جبکہ صحافی عمران ریاض اور اسد طور کو بھی رہا کیا جائے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ تمام افراد پر درج مقدمات سیاسی اور غیر قانونی ہے۔

2۔ جماعت اسلامی کا 10 مارچ کو اسرائیل کیخلاف مارچ کا اعلان، امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ فلسطین میں اسرائیلی دہشت گردی پر دس مارچ کو اسلام آباد میں آب پارہ سے امریکی سفارتخانے تک مارچ کریں گے۔ سراج الحق نے حکومت پر تنقید کے نشتر برساتے ہوئے کہا کہ فارم سینتالیس سے جو آرٹیفیشل اسمبلیاں بنائی گئی ہیں، وہ زیادہ دیر تک نہیں چلیں گی۔ سراج الحق نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی نے تمام اسلامی ممالک و سفارتخانوں سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اب غزہ پر ہونیوالی اسرائیلی دہشت گردی پر خاموش نہیں بیٹھیں گے، غزہ پر مظالم موجودہ دور کا کربلا ہے۔

3۔ امریکہ نے نئی پاکستانی حکومت کیساتھ کام کرنے کیلئے رضامندی ظاہر کر دی، امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے پریس بریفنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئی پاکستانی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ مل کر مشترکہ مفادات آگے بڑھائیں گے۔ میتھیو ملر نے مزید کہا ہے کہ مضبوط اور خوشحال پاکستان دنیا اور امریکہ کے مفاد میں ہے، امریکہ اور پاکستان کے تعلقات اعتماد پر مبنی ہیں، پاکستان کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ مریم نواز شریف کی بطور وزیراعلیٰ پنجاب تقرری پاکستانی سیاست میں سنگ میل ہے، خواتین کو سیاسی زندگی میں مکمل شامل کرنے کیلئے منتظر ہیں۔

4۔ مالدیپ کے صدر نے کہا ہے کہ 10 مئی کے بعد بھارتی فوجی سادہ لباس میں بھی مالدیپ میں نہیں رہ سکتے، صدر محمد معیزو نے کہا ہے کہ بھارت کے کسی فوجی کو مالدیپ میں 10 مئی کے بعد نہ تو وردی اور نہ ہی سادہ لباس میں رہنے کی اجازت ہوگی۔ یاد رہے کہ اس وقت مالدیپ کی 3 ایوی ایشن پلیٹ فارمز میں کئی برسوں سے دو ہیلی کاپٹروں اور ایک ڈورنیئر طیارے کے ذریعے طبی اور ہنگامی امداد کی خدمات فراہم کرنے کے نام پر 88 بھارتی فوجی اہلکار تعیبات ہیں۔ خیال رہے کہ مالدیپ کے صدر کا 10 مئی تک بھارتی فوج کے انخلا کا بیان چین کے ساتھ فوجی معاہدہ طے پا جانے کے بعد سامنے آیا ہے۔ دوسری جانب ایک ہفتے قبل ہی بھارتی سویلین ٹیم مالدیپ کے ان 3 ایوی ایشن پلیٹ فارمز میں سے ایک کا چارج سنبھالنے کے لیے مالدیپ پہنچی تھی۔

5۔ امریکی نائب صدر کمیلا ہیرس نے کہا ہے کہ اسرائیل کی حمایت کا سیاسی نقصان ہوسکتا ہے، کملا ہیرس نے صدر جوبائیڈن کو تجویز دی ہے کہ سیاسی نقصان سے بچنے کے لیے فلسطینیوں کے معاملے پر پالیسی اور بیانات کو کچھ نرم کرنا ہوگا۔ رپورٹ کے مطابق امریکا میں صدارتی الیکشن کی مہم جاری ہے، جس میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ موجودہ صدر جوبائیڈن کو سخت مقابلہ دیتے نظر آرہے ہیں۔ اس کی ایک وجہ صدر جوبائیڈن کی اسرائیل کی بے جا حمایت اور فلسطین سے متعلق متنازع پالیسی بھی ہے، جس پر امریکا کی حکمراں جماعت کو اپنے مخالفین کے ساتھ ساتھ حامیوں کی تنقید کا بھی سامنا ہے۔

6۔ فرانس اسقاط حمل کے حقوق کو آئین میں شامل کرنے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا، فرانسیسی قانون سازوں نے پیلس آف ورسیلز میں پارلیمان کے مشترکہ اجلاس میں فرانس کے آئین میں اسقاط حمل کے حق کو شامل کرنے کے بل کی منظوری دے دی ہے۔ اس بل کو 72 کے مقابلے 780 ووٹوں کی بھاری اکثریت سے منظور کیا گیا اور اس کی منظوری کے بعد مشترکہ اجلاس میں شریک تقریباً تمام اراکین نے کافی دیر تک کھڑے رہ کر تالیاں بجائیں۔ امریکا میں عدالتی فیصلوں میں اسقاط حمل کے حقوق کی واپسی کے فیصلے کے بعد خواتین کے حقوق کے کارکنوں نے صدر ایمانوئل میکرون کے اس اقدام کو سراہا ہے۔ یاد رہے کہ 2022ء میں امریکا نے اسقاط حمل کا حق دینے والے فیصلے کو منسوخ کر دیا، جسے امریکی صدر جو بائیڈن نے ملک کے لیے ایک افسوسناک دن قرار دیا تھا۔

7۔ امریکی سپریم کورٹ کا بڑا فیصلہ، ٹرمپ صدارتی انتخابات کیلئے اہل قرار، امریکی سپریم کورٹ نے متفقہ طور پر کولوراڈو عدالت کا فیصلہ مسترد کر دیا۔ امریکی سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ امریکی صدارتی انتخابات کے لیے اہل ہیں۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ریاستوں کی سپریم کورٹ فیصلہ نہیں کرسکتیں کہ کوئی صدارتی امیدوار نااہل ہے۔ اگر کوئی بغاوت میں ملوث ہو بھی تو اسے وفاقی دفتر یا ایوان صدر کیلئے نااہل قرار دینے والی شق نافذ کی جائے امریکی سپریم کورٹ نے ٹرمپ کے حق میں 0-9 سے فیصلہ سنایا۔ امریکی سپریم کورٹ کا ٹرمپ کے حق میں فیصلہ کولوراڈو میں پرائمری ووٹنگ مرحلے سے ایک روز پہلے آیا، فیصلے کا اطلاق امریکہ کی تمام ریاستوں پر ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 1120507
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش