0
Wednesday 6 Mar 2024 21:21

تازہ ترین عالمی و علاقائی خبروں پر مشتمل اسلام ٹائمز کا خصوصی نیوز بلیٹن

متعلقہ فائیلیںخصوصی نیوز بلیٹن کے موضوعات:

1۔ پشاور ہائیکورٹ نے مخصوص نشستوں پر حکم امتناع جاری کر دیا، پشاور ہائی کورٹ میں سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں الاٹ نہ کرنے کے فیصلے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن، مسلم لیگ نون، پیپلزپارٹی، جمعیت علمائے اسلام، ایم کیو ایم اور دیگر سیاسی پارٹیوں کو فریق بناتے ہوئے موقف اپنایا کہ ہم سنی اتحاد کونسل میں شامل ہوگئے ہیں، مخصوص نشستیں الیکشن میں جنرل نشستوں کے تناسب سے دی جاتی ہیں، لیکن سنی اتحاد کونسل کو نشستیں نہیں دی گئیں، الیکشن کے بعد بھی مخصوص نشستیں الاٹ کی جاسکتی ہیں۔ جسٹس اشتیاق ابراہیم نے پوچھا کہ یہ کیس صرف خیبرپختونخوا کی حد تک ہے یا پورے ملک تک۔؟

2۔ او آئی سی کا اجلاس، سعودی وزیر خارجہ کا رفح میں فوجی کارروائی کیخلاف اسرائیل کو انتباہ، جدہ میں منعقدہ اسلامی ممالک کی تنظیم کے غیر معمولی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہزادہ فیصل نے فلسطینیوں کی اپنی سرزمین سے نقل مکانی کی مخالفت پر سعودی عرب کا موقف دہرایا۔ او آئی سی کا یہ غیر معمولی اجلاس حماس اور اسرائیل کے درمیان اکتوبر میں شروع ہونے والی جنگ پر بات چیت کے لیے منعقد کیا گیا۔ 7 اکتوبر کو حماس کے حملوں کے بعد سے جاری اسرائیل کے حملوں میں 30 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ واضح رہے کہ متعدد ممالک نے یو این آر ڈبلیو اے کے لیے مالی امداد اس وقت ختم کر دی تھی، جب اسرائیل نے الزام عائد کیا تھا کہ اس کے ملازمین کا حماس سے تعلق ہے اور وہ 7 اکتوبر کو اسرائیل پر ہونے والے حملے میں ملوث تھے۔

3۔ امریکہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کسی طرح کی پابندی ناقابل قبول ہے، ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے پریس بریفنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں آزادی اظہار کی حمایت کرتے ہیں، انٹرنیٹ پلیٹ فارمز پر کسی طرح کی پابندی ناقابل قبول ہے۔ میتھیو ملر نے کہا ہے کہ پاکستان میں ایکس سمیت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر حکومتی بندش کی مذمت کرتے ہیں، پاکستان کے حکام پر بنیادی آزادیوں کے حوالے سے زور دیتے رہیں گے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے مزید کہا ہے کہ پاکستان میں نئی حکومت بن گئی، جس کے ساتھ کام کیلئے تیار ہیں، تاہم انتخابات میں بے ضابطگیوں کی مکمل تحقیقات ہونی چاہیئے۔

4۔ ترکی میں اسرائیل کیلئے جاسوسی کرنے والے 7 افراد گرفتار کر لیے گئے، رپورٹ کے مطابق ترک خفیہ ایجنسی ایم آئی ٹی نے بتایا کہ ایک کرایے کے جاسوس سمیت 7 افراد کو اسرائیل کے لیے جاسوسی پر گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ایم آئی ٹی ایجنسی نے بتایا کہ کرایے کا جاسوس سابق سرکاری ملازم تھا اور وہ مبینہ طور پر مشرق وسطیٰ کی کمپنیوں، ترک عہدیداروں کی معلومات ٹریکنگ آلات نصب کرتے ہوئے حاصل کر رہا تھا اور ان کی نگرانی میں مصروف تھا۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ استنبول میں پولیس ایک گھر میں چھاپے کے دوران بندوقیں، منشیات کے بیگز اور الیکٹرونک آلات قبضے میں لے رہی ہے۔

5۔ اسرائیلی فوج کا امداد کے منتظر فلسطینیوں پر تیسرا حملہ، متعدد فلسطینی شہید ہوگئے، غزہ میں امداد کے منتظر فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج نے ایک ہفتے میں تیسرا حملہ کر دیا، کویتی چوک پر فائرنگ سے متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہوگئے۔ رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج کے رفح اور خان یونس پر حملوں میں 25 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔ اقوامِ متحدہ کے امدادی ادارے برائے فلسطینی انروا کے سربراہ نے جنرل اسمبلی میں اسرائیل پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں صرف 150 دن میں 30 ہزار سے زائد فلسطینی مارے گئے ہیں۔

6۔ ترک صدر رجب طیب اردگان نے کہا ہے کہ غیر قانونی آبادکاری اسرائیل اور فلسطین تنازع کے حل میں بڑی رکاوٹ ہے، ترکی کے دورے پر آئے فلسطینی ہم منصب محمود عباس کے ساتھ پریس کانفرنس میں ترک صدر نے کہا کہ اسرائیل اور فلسطین تنازع کے حل کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ اسرائیلی آباد کاروں کی کارروائیاں ہیں، جنہوں نے فلسطینیوں کی زمینوں پر حملہ کیا اور چوری کی۔ انہوں نے رمضان المبارک کے دوران مقبوضہ بیت المقدس میں مسجد الاقصیٰ تک بلا روک ٹوک رسائی کا مطالبہ کیا۔ ترک صدر نے کہا کہ بنیاد پرست اسرائیلی سیاست دانوں کی طرف سے مسلمانوں کے داخلے پر پابندی لگانے کا مطالبہ سراسر لغو ہے، اس طرح کے اقدام کے نتائج بلاشبہ سنگین ہوں گے۔

7۔ جدہ میں ہونے والے او آئی سی کے اجلاس میں سعودی عرب اور ایرانی وزیر خارجہ کی ملاقات، سعودی میڈیا کے مطابق دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی ملاقات منگل کو جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے اجلاس کے موقع پر ہوئی۔ سعودی میڈیا کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے غزہ کی تازہ ترین صورتحال اور ان سے نمٹنے کی کوششوں پر بھی گفتگو کی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایرانی وزیرِ خارجہ نے غزہ میں نسل کشی کے خاتمے کے لیے موثر اقدامات پر زور دیا۔
خبر کا کوڈ : 1120744
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش