0
Tuesday 16 Apr 2024 16:55

ایمل خان کے بلوچستان سے سینیٹر منتخب ہونے پر پارٹی رہنماء کے تحفظات سامنے آ گئے

ایمل خان کے بلوچستان سے سینیٹر منتخب ہونے پر پارٹی رہنماء کے تحفظات سامنے آ گئے
اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماء ڈاکٹر عنایت اللہ خان غلزئی نے اے این پی خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر ایمل ولی خان کے بلوچستان سے سینیٹر منتخب ہونے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی قیادت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے میں بلوچستان کے کارکنوں کو اعتماد میں لیا جائے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی، صوبائی کابینہ عوامی نیشنل پارٹی و صوبائی انتخابی بورڈ و سینئر ارکان عوامی نیشنل پارٹی بلوچستان کے نام لکھے گئے کھلے خط میں ڈاکٹر عنایت اللہ خان غلزئی نے ایمل ولی خان کو صوبہ بلوچستان سے سینٹر منتخب کرنے کے فیصلے کو قابل ندامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے صدر کی صوبہ بلوچستان سے سینٹ انتخابات میں نامزدگی اور منتخب کرنے کے فیصلے پر صوبائی کابینہ، انتخابی بورڈ، ضلعی صدور سینئر ارکان کا اجلاس بلا کر بحث کرائی جائے اور کارکنوں کو اعتماد میں لیا جائے۔ 

اے این پی رہنماء نے خط میں لکھا کہ میں بحیثیت باچا خان اور عبدالولی خان کے فلسفہ، فکر اور سوچ کے ایک عقیدت مند اور عوامی نیشنل پارٹی کے دیرینہ کارکن کے صوبائی صدر پختونخوا ایمل ولی خان کا سینٹ کے انتخابات میں صوبہ بلوچستان سے نامزدگی اور منتخب کرنے پر عوامی نیشنل پارٹی بلوچستان کے انتخابی بورڈ کے اس فیصلہ نے نہ صرف مجھے بلکہ مجھ جیسے کارکنان کو انتہائی اذیت ناک کرب اور ذہنی پریشانیوں میں مبتلا کرنے کے ساتھ ساتھ اس قابل ندامت فیصلے نے نہ صرف پارٹی کے آئین بلکہ ملک کے آئین میں دی گئی صوبائی خود مختاری کی دھجیاں اڑا دی گئی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عوامی نیشنل پارٹی بلوچستان کے کارکنوں کو اس حوالے سے اعتماد میں لیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 1129044
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش