0
Saturday 2 May 2015 16:23

گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی 10، اسکردو حلقہ 4 روندو سے آزاد امیدوار منظور پروانہ نے انتخابی منشور کا اعلان کر دیا

گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی 10، اسکردو حلقہ 4 روندو سے آزاد امیدوار منظور پروانہ نے انتخابی منشور کا اعلان کر دیا
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے امیدوار منظور حسین پروانہ نے اپنے سیاسی منشور کا اعلان کر دیا۔ سیاسی منشور کے اعلان کے وقت انہوں نے کہا کہ حلقے کے عوام اور ووٹرز کے اصرار پر الیکشن میں آزاد امیدوار کی حیثیت سے آنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور روندو کی عوام چہرے کی تبدیلی چاہتی ہے، پارٹی کی تبدیلی سے کوئی فرق نہیں پڑتا اور نہ ہی حکمران جماعت کے امیدواروں کے پاس عوامی مسائل کا حل ہے اگر ایسا ہوتا تو وزیر حسن وفاق اور گلگت بلتستان دونوں میں پی پی کی حکومت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے روندو کو ترقی کی راہ پر گامزن کرتا اس کے برعکس حکمران جماعت کے کامیاب نمائندے نے روندو کو کرپشن کے اندھے کنویں میں دھکیل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان اور روندو کے عوام کے عظیم تر مفاد میں انتخابات میں آزاد حیثیت سے حصہ لے رہا ہوں تاکہ اسمبلی میں جا کر عوامی امنگوں کی ترجمانی کر سکوں۔ جھوٹے وعدووں کی سیاست پر یقین نہیں رکھتا، منشور پر عمل درآمد انتخابات میں کامیابی سے مشروط ہے۔

منظور پروانہ نے اپنے انتخابی منشور کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میرا منشور خطے سے کرپشن، اقرباء پروری، میرٹ کی پامالی، ظلم و ستم کا خاتمہ کرتے ہوئے عدل و انصاف، مساوات، اخوت، میرٹ پر مبنی پرامن اور خوشحال معاشرے کی تشکیل ہے۔ سابقہ عوامی نمائندوں کا کڑا احتساب کیا جائے گا قوم سے لوٹی ہوئی رقوم کو واپس لاکر عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جائے گا۔ ٹھیکہ دار اور وڈیرہ بنانے والی مشینوں کو بند کیا جائے گا، گندم بلیک کر کے الیکشن کا خرچہ پیدا کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ سرکاری اداروں سے سیاست کی جڑیں کاٹ دی جائے گی، تعلیمی اداروں کا معیار کو بلند کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سب ڈویژن روندو میں انتظامی تبدیلی اور عوام کی سہولت کے لئے تمام سرکاری محکموں بالخصوص، سول کورٹ، 2 حلقے، چار ڈسٹرکٹ کونسل 8 یونین کونسل، 2 نیابت اور 8 حلقہ پٹوار کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ وادی میں انٹر کالج، ہر یونین کونسل میں دو دو ہائی سکول، ہر گاؤں میں پرائمری و مڈل بوائز و گرلز سکولز اور جدید نظام تعلیم سے ہم آہنگ ایک پبلک اسکول اینڈ کالج کا قیام عمل میں لاکر شعبہ تعلیم کو ترقی دی جائے گی۔ صحت کے شعبے میں تبدیلی کے لئے ڈمبوداس ہسپتال کو اپ گریڈ کر کے 100 بیڈز کا بنایا جائے گا، چاروں ڈسٹرکٹ کونسل میں دس دس بیڈ ہسپتال کی تعمیر، ہر یونین کونسل میں اے کلاس ڈسپنسری اور ہر گاؤں میں سی کلاس ڈسپنسری کا قیام ناگزیر ہے۔

منظور پروانہ نے کہا کہ روندو میں معاشی ترقی کے لئے بنجر زمینوں کی آباد کاری اور نئے گاؤں آباد کرنے کی منصوبہ بندی کے لئے واٹر چینلز اور روڈ کا قیام عمل میں لایا جائے گا، مائننگ اور معدنیات سے وابستہ افراد کو جدید مشینری کے ذریعے کان کنی کی تربیت دینے کے لئے جیسمز اسٹون انڈسٹری کا قیام ہنرمند روندو پروگرام کے تحت علاقے کے سینکڑوں بے روزگاروں کو ہنر سکھانے کے لئے اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے اور تھوار سے لشی تھنگ، ڈمبوداس سے مہندی تا ہرپوہ بلامیک، روڈ میٹلنگ، ستک اور طورمیک ٹرک روڈ کی تعمیر، تلو بروق روڈ کی نئی لے آوٹ کے ساتھ تعمیر اور تمام گاؤں میں لنک روڈز کا جال بچھایا جائے گا۔ طلباء مسافروں اور مریضوں کی قیام کے لئے اسلام آباد میں روندو ہاسٹل تعمیر کیا جائے گا اور ڈمبوداس میں عوامی مسائل کے ممکنہ حل، اور اجتماعات کے لئے کمیونٹی ریسورسس سینٹر اور لائبریری کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ بونجی ڈیم کا نام روندو ڈیم، ہرپوہ گنجی اور طورمیک پاور ہاؤسز کی تعمیر کرتے ہوئے شنگوس اور چھامہ چھو کو ہنگامی بنیادوں پر بجلی کی فراہمی یقینی بنایا جائے گا۔

منظور پروانہ نے کہا کہ آلو کی فصل کو محفوظ کرنے کیلئے گودام بنایا جائے گا۔ تمام گاؤں میں پینے کا صاف پانی گھر گھر پہنچانے کے لئے سرکاری و غیر سرکاری اداروں کے ذریعے موثر منصوبہ بندی اور کھیل و ثقافت کو فروغ دینے روندو میں اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کیا جائے گا۔ عوام کو بلا تفریق ہر ماہ گندم کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا اور شوت، مہندی، غومو لشی تھنگ، داسو، شنگوس تا یلبو، کے لئے الگ ڈپو بنایا جائے گا اور کوٹہ کو صد فیصد بڑھایا جائے گا اور خواتین کو ہنرمند بنانے کے لئے ہنر سینٹرز کا قیام اور ہوم انڈسٹری کو فروغ دینے کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 457854
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش