0
Friday 20 Nov 2015 22:13

آئی ایس او پشاور ڈویژن کے زیراہتمام ’’یوم حسین (ع)‘‘ کا شاندار انعقاد

آئی ایس او پشاور ڈویژن کے زیراہتمام ’’یوم حسین (ع)‘‘ کا شاندار انعقاد
رپورٹ: ایس اے زیدی

امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کی جانب سے ہر سال ملک کی معروف جامعات میں ’’یوم حسین(ع)‘‘ کا انعقاد کیا جاتا ہے، جس میں طلباء و طالبات، پروفیسرز صاحبان، مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام، سکالرز سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات شرکت کرتے ہیں۔ یونیورسٹیز کی سطح پر یوم حسین (ع) کے انعقاد کا مقصد امام حسین (ع) کے پیغام، تعلیمات اور درس کو ملک کے اعلٰیٰ تعلیمی اداروں میں اجاگر کرنا، بلاتفریق مذہب و مسلک امام (ع) کی شخصیت کو مشعل راہ بنانا اور موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق راہ کربلا کو آئیڈیل راستہ بناتے ہوئے امت مسلمہ کو راہ نجات پر لانا بھی مقصود ہوتا ہے۔ آئی ایس او پشاور ڈویژن کے زیر اہتمام گذشتہ روز سالانہ یوم حسین (ع) بعنوان ''کربلا ایک عظیم درسگاہ'' کا انعقاد کیا گیا، جس میں علمائے کرام، پروفیسر صاحبان، مختلف مکاتب فکر کے سینکڑوں طلباء و طالبات کے علاوہ مختلف طلباء تنظیموں کے رہنماوں نے بھی شرکت کی۔ آغا خان آڈیٹوریم ہال پشاور یونیورسٹی میں منعقدہ سیمینار سے علامہ خورشید انور جوادی، علماء مشائخ کونسل کے رہنماء علامہ عابد حسین شاکری، علامہ ارشاد حسین خلیلی، شیخ زید اسلامک سنٹر پشاور کے  ڈاکٹر رشید اور آئی ایس او پشاور ڈویژن کے صدر حسین انجم نے خطاب کیا۔

اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ واقعہ کربلا تمام عزادارانِ سیدالشہداء، پیراوانِ امامت و ولایت اور تمام مسلمانانِ عالم کو دعوتِ فکر دے رہا ہے، شہدائے کربلا کے تذکرے مسلمانوں کے ضمیر کو مخاطب کر رہے ہیں کہ اگر مسلمان عاشورا کی ندا پر کان دھریں اور اس پیغام کی طرف متوجہ ہوں تو پاکستان، عراق، شام، مصر، بحرین، افغانستان، یمن اور دیگر اسلامی ممالک کے تمام تر مسائل حل ہوسکتے ہیں۔ اسلامی ممالک کی کامیابی کا راز اس راہ سیدالشہداء امام حسین (ع) کو اپنانے میں ہی ہے۔ تحریک کربلا صرف ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ آئین زندگی ہے، تمام مکاتب فکر کے لوگ پیغام عاشورا کی طرف متوجہ ہوں اور جان لیں کہ عزت کا حصول تفرقہ و نفاق کی دوری سے ہی ممکن ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ امام حسین (ع) کی عظیم شخصیت کسی ایک مسلک یا مذہب سے منسلک نہیں، بلکہ آپ تمام بشریت کے امام ہیں، آپ نے ظالم کیخلاف قیام اور مظلوم کی حمایت کا درس دیا، انسانیت کا درس دیا، امن و محبت کا درس دیا، امام حسین (ع) کو ہر مسلمان اپنا امام مانتا ہے، ان کا غم منانے کے صرف طریقے مختلف ہیں، لیکن ان طریقوں کو بنیاد بناکر ہمیں اختلاف کی طرف نہیں جانا چاہیئے، امام (ع) کا پیغام اور درس محبت، بھائی چارہ اور روادری ہے، امام حسین (ع) کی تعلیمات پر عمل کرکے ہی ہم فرقہ واریت سے نجات پاسکتے ہیں، لیکن افسوس کہ پاکستان میں ہمیں انتہائی مشکل حالات کا سامنا کرنا پڑا، ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سب ملکر امام حسین (ع) کی سیرت پر چلنے کا عہد کریں، تاکہ وطن عزیز کو امن کا گہوارہ بنا سکیں۔
خبر کا کوڈ : 498889
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش