0
Thursday 20 Oct 2016 15:43

کشمیر پاکستان کی شہ رگ حیات ہے، متحدہ طلباء محاذ کے سیمینار سے مقررین کا خطاب

کشمیر پاکستان کی شہ رگ حیات ہے، متحدہ طلباء محاذ کے سیمینار سے مقررین کا خطاب
رپورٹ: محمد مہدی خان

متحدہ طلباء محاذ کے زیراہتمام تحریک آزادی کشمیر سیمینار نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں سیاسی، مذہبی شخصیات، صحافی حضرات اور ملک بھر کی طلباء تنظیموں کے مرکزی صدور نے خطاب کیا۔ سیمینار سے متحدہ طلباء محاذ اور آئی ایس پاکستان کے مرکزی صدر سید سرفراز نقوی، آل پارٹیز حریت کانفرنس کے کنویئر میر طاہر مسعود، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء فیصل کریم کنڈی، مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء علامہ امین شہیدی، المحمدیہ اسٹوڈنٹس کے رہنماء محمد حنظلہ، اسلامی جمیعت طلبہ کے رہنماء محمد عامر، مصطفوی اسٹودنٹس کے رہنما ضیاء الرحمن، اے ٹی آئی کے رہنماء بو علی، جمعیت طلبہ عربیہ کے رہنماء حافظ عبدالرحمن، معروف صحافی و تجزیہ نگار امیر عباس اور آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنماء حسن بنا سمیت دیگر مقررین نے سیمینار سے خطاب کیا۔ واضح رہے کہ متحدہ طلبا محاذ کا یہ پروگرام آئی ایس او پاکستان نے کرایا ہے۔

سیمینار سے خطاب میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر سید سرفراز نقوی نے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہندو سامراج منظم سازش کے تحت پاکستان کو تنہا کرنا چاہتا ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان اپنی بہتر خارجہ پالیسی سے کشمیر کے مسئلہ کو اجاگر کرے۔ سرفراز نقوی نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کو بہتر کرکے دشمن کے ایجنڈا کو ناکام بنانا ہوگا، تاکہ کشمیر کے مسئلہ کو اجاگر کیا جاسکے۔ سرفراز نقوی نے کہا کہ ہم ہر مظلوم کے حامی اور ہر ظالم کے مخالف ہیں، متحدہ طلباء محاذ کے پلیٹ فارم سے کشمیریوں کی آواز کو دنیا تک پہچائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام کشمیر کے ایشو پر ایک ہیں۔ سیمینار سے خطاب میں اسلامی جمیعت طلباء کے رہنماء محمد عامر کا کہنا تھا کہ کشمیر تکمیل پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے چارٹر پر سرفہرست ہے جو حل طلب ہے۔ عالمی طاقتوں کی ناکامی کا ثبوت ہے کہ کشمیر کا مسئلہ ابھی تک حل نہیں ہوسکا۔ ان کا کہنا تھا کہ برہان وانی کی شہادت نے اس تحریک کو ایک نیا ولولہ دیا ہے۔ تمام پاکستانیوں کی ذمہ داری ہے کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اٹھائیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کشمیر کے حوالے سے حکومت وقت جاندار اور اصولی موقف اپنائے۔ پاکستان کو کشمیر کے مسئلہ کے حل تک بھارت سے سفارتی تعلقات ختم کر دینے چاہئیں۔ مسئلہ کشمیر و فلسطین حل کئے بغیر دنیا میں امن ممکن نہیں ہے۔

المحمدیہ اسٹوڈنٹس کے رہنماء محمد حنظلہ نے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ کشمیریوں کی پانچویں نسل پاکستان کے ساتھ رشتہ نبھانے میں مصروف عمل ہے، ہم کشمیریوں سے یہ عہد کرتے ہیں کہ جہاں آپ کا خون گرے گا، وہاں ہمارا خون بھی گرے گا۔ کشمیری دہشت گرد نہیں بلکہ فریڈم فائٹرز ہیں۔ حکومت کشمیریوں کو حق آزادی دلانے کیلئے بھرپور کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی جدوجہد تکمیل پاکستان کی جدوجہد ہے، محمد جنید کا جسد خاکی پاکستان کے پرچم میں لپیٹنا کشمیریوں کی پاکستان سے محبت کا والہانہ اظہار ہے۔ آل پارٹیز حریت کانفرنس کے کنویئر میر طاہر مسعود کا کہنا تھا کہ تمام طلباء تنظیموں کی جانب سے کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرنا یقینی طور پر اس تحریک میں ایک نئی روح پھونکے گا۔ انہوں نے بتایا کہ بھارتی فورسز کے ظلم سے ان کا ایک بھتیجا شہید اور ایک زخمی ہوگیا ہے۔ ہمیں کشمیر کی آزادی کی جدوجہد میں ان قربانیوں پر فخر ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ ہے لیکن ہمارے حوصلے بلند ہیں، کشمیریوں کی توقع پاکستان کے جوانوں سے ہے، کیونکہ کشمیر کی اس تحریک میں بھی یونیورسٹیز کے طلباء کا بنیادی کردار ہے۔ کشمیری حریت رہنماء قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط پاکستان کشمیریوں کی آزادی کی ضمانت ہے، عہد کرتے ہیں کہ بھارت کے ارادوں کو ہر صورت ناکام بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا ہم کشمیری آپ پاکستانیوں سے پرامید ہیں۔

جمعیت طلباء عربیہ کے رہنماء حافظ عبدالرحمن نے کہا کہ موجودہ صدی مسلمانوں کی فتح اور طاغوت کی شکست کی صدی ہے۔ عالم اسلام کو اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے کشمیر جیسے بڑے ہدف کے لئے اپنے اختلافات کو بھلانا ہوگا، تاکہ کشمیر کے مسئلہ کو حل کیا جا سکے۔ کشمیر کے حل کے لئے تمام مکاتب فکر کو باہمی اتحاد کا مظاہر کرنا ہوگا۔ معروف صحافی و تجزیہ نگار امیر عباس کا کہنا تھا کہ شہید وانی نے کشمیر کی تحریک میں ایک نئی روح پھونکی ہے۔ کشمیر کی آزادی کے لئے ہمیں ملٹری مسلز کے ساتھ ساتھ اکنامک مسلز کو بھی مضبوط کرنا ہوگا، اقوام عالم کو کشمیر کے مسئلہ کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے۔ آل پارٹیز کانفرنس کے رہنماء حسن بنا نے شرکاء سیمینار کو کشمیر کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا، انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد پاکستانیوں کے بغیر کامیاب نہیں ہو سکتی ہے۔ مصطفوی اسٹودنٹس کے رہنما ضیاءالرحمن نے کہا کہ بھارت سیکولر ملک ہونے کا دعویدار ہے، لیکن مذہبی بنیاد پر ظلم و بربریت کا بازار گرم کیا ہوا ہے۔ پاکستان کے حکمران بھارتی وزیراعظم کے ساتھ دوستیاں نبھانے میں مصروف ہیں۔

اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء اور سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی فصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیاسی جماعتیں کشمیر کے مسئلہ پر سیاست میں مگن ہیں، بھارتی میڈیا بھی زہریلا پروپیگنڈا کر رہا ہے، انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں پاکستان کی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔ کشمیر کے ایشو پر تمام سیاسی جماعتوں کو یکجا ہونا ہوگا۔ پی پی پی کشمیر کے حوالے سے ہر قسم کی قربانی اور سپورٹ کے لئے تیار ہے۔ کشمیر کے ایشو پر سیاست نہیں ہونی چاہئے بلکہ تمام سیاسی جماعتیں مسئلہ کشمیر کے لئے یکجا ہو جائیں۔ اے ٹی آئی کے رہنما بو علی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے، انہوں نے کہا کہ یونائیٹد نیشن مسلمانوں کے قتل عام پر خاموش کیوں ہے؟، جماعت اسلامی کے رہنماء لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ کشمیر محض زمین کا کوئی ٹکڑا حاصل کرنے کا نام نہیں ہے، برہان وانی کی شہادت نے ایک نیا ولولہ دیا، کشمیر کے مسئلہ پر میڈیا سمیت سیاسی اور عسکری قیادت کو ایک موقف پر یکجا ہونا ہوگا۔ کشمیریوں کی آزادی ان کا بنیادی حق ہے، مسئلہ کشمیر کو حل کئے بغیر دنیا میں امن ممکن نہیں ہے۔ کشمیریوں کی عصمت دری کی جا رہی ہے، اس لئے پاکستان کو سفارتی محاذ پر کردار ادا کرنا ہوگا۔ تمام قومی قیادت کشمیر کے مسئلہ پر اکٹھی ہے، وزیراعظم کو چاہئے کہ کشمیریوں کی پشتی بانی کے لئے اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔

سیمینار سے مرکزی خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء علامہ امین شہید ی نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان کشمیری جوانوں کے پشتی بان ہیں، کشمیر حریت کی سرزمین ہے، کشمیری جوانوں میں کربلا کا خون دوڑتا ہے، کشمیر کے مسئلے کو جان بوجھ کر فراموش کیا گیا، تاکہ سامراجی قوتیں اس سے فائدہ حاصل کرسکیں۔ نااہل قیادت کی وجہ سے کشمیر کاز کو تقویت کی بجائے نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کشمیر کے حوالے سے پالسی وہ نہیں جو ہونی چاہئے تھی، اسلامی ممالک میں صرف آیت اللہ خامنہ کی پالیسی واضح اور اصولی ہے، دنیا کی تمام اسلامی و آزادی کی تحریکوں کو کشمیر کے دن کو یوم القدس کی طرح منانا چاہیئے، یہی وقت کی اہم ضروت ہے۔ کشمیر ہر مسلمان مظلوم کی آواز ہے، ہر ایک کو کشمیر کے مسئلہ کے لئے بھرپور کردار ادا کرنا چاہئے۔ دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ بھارتی ظلم و بربریت سے کبھی بھی تحریک آزادی کو دبایا نہیں دبا سکتا، کشمیریوں کا بےگناہ خون بھارتی حکومت کو خش و خاشاک کی طرح بہا کر لے جائے گا۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ حیات ہے، کشمیری مسلمانوں پر طویل عرصے سے ظلم و ستم کے پہاڑ ڈھائے جا رہے ہیں، جس کی ہم سخت مذمت کرتے ہیں، حالیہ دہشتگردی پر اقوام متحدہ کو نوٹس لینا چاہیئے اور اسے اپنی قراردادوں پر عمل کراتے ہوئے کشمیریوں کو استصواب رائے کے ذریعے آزادی دلانی چاہیئے۔ رہنمائوں کا کہنا تھاکہ کشمیر کی جنگ پاکستان کی بقاء کی جنگ ہے، بانی پاکستان محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا، اقتصادی طور پر بھی پاکستان کی بقاء کشمیر کیساتھ وابستہ ہے، انہوں نے کہا کہ منحوس ٹرائی اینگل کشمیر کی آزادی میں حائل سب سے بڑی رکاوٹ ہے، امریکہ اسرائیل اور بھارت کے متعصبانہ رویہ کی وجہ سے کشمیری آزادی کی نعمت سے محروم اور ظلم کا شکار ہیں۔
خبر کا کوڈ : 576930
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش