0
Sunday 17 Jun 2018 10:01

پاراچنار، نماز عیدالفطر کے دوران الیکشن کی بابت مرکزی پالیسی پر مبنی تحریر کی تقسیم

پاراچنار، نماز عیدالفطر کے دوران الیکشن کی بابت مرکزی پالیسی پر مبنی تحریر کی تقسیم
رپورٹ: این علی

پاراچنار میں مرکزی عیدگاہ نیز پاک آرمی کیمپ سمیت ایجنسی بھر کی متعدد عیدگاہوں میں عید الفطر کی نماز ادا کی گئی۔ 16 جون کو عید الفطر کے دن صبح 9 بجے مرکزی عیدگاہ پاراچنار میں مرکزی جامع مسجد کے پیش امام علامہ فدا حسین مظاہری کی اقتدا میں نماز عید ادا کی گئی۔ اس موقع پر پاک آرمی اور مقامی رضاکاروں نے سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے ہوئے تھے۔ اجتماع میں کرم ایجنسی کے ہزاروں نمازیوں کے علاوہ کمانڈر 73 بریگیڈ، بریگیڈیئر اختر علیم نیز سیاسی امیدواروں میں سے سابق ایم این اے ساجد طوری، سینیٹر سجاد حسین طوری اور امیدوار برائے قومی اسمبلی ابرار جان طوری نے اپنے سیاسی حمایتیوں کے ہمراہ فلک شگاف نعروں کیساتھ شرکت کی۔ قومی چندہ اور خصوصاً شہید علامہ محمد نواز عرفانی کے مزار کی چندہ مہم میں ان سیاسی امیدواروں نے دل کھول کر حصہ لیتے ہوئے ایک دوسرے پر سبقت لینے کی بھرپور کوشش کی۔ اس موقع پر سب سے پہلے سینیٹر سجاد طوری نے ایک لاکھ روپے کا اعلان کیا۔ سابق ایم این اے ساجد طوری نے 4 لاکھ روپے مزار کیلئے چندہ جبکہ ایک لاکھ روپے انجمن حسینیہ کے اراکین کو بطور عیدی ادا کئے، جبکہ آخر میں ابرار جان طوری نے مزار کے لئے 5 لاکھ روپے چندہ کا اعلان کرکے سب پر سبقت حاصل کرلی۔ نماز عید سے پہلے سیکرٹری انجمن حسینیہ حاجی نور محمد نے قوم سے خطاب کیا، جبکہ نماز عید کے بعد پیش امام علامہ فدا حسین مظاہری نے عید کے خطبے دیئے۔

حاجی نور محمد نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاراچنار کے جوانوں نے ہر میدان میں پاک آرمی اور حکومت کا ساتھ دیا ہے، چنانچہ آج پاک فوج سمیت دیگر اعلٰی حکام پر یہ حقیقت آشکار ہوگئی ہے کہ پاراچنار کے عوام پاکستان کے وفادار اور سچے محب وطن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خصوصاً پاک فوج نے ہمارے ساتھ ہر مشکل گھڑی میں تعاون کیا ہے۔ جس پر ساری قوم انکی شکر گزار ہے۔ انہوں نے گذشتہ روز خطبہ جمعہ میں پیش امام علامہ فدا حسین مظاہری کی جانب سے الیکشن کے متعلق پالیسی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ پیش امام آقائے مظاہری مجتہد وقت سید علی سیستانی کے وکیل اور ہم پر حجت ہیں۔ لہذا ان کی ہر بات کو دل و جان سے مانتے ہیں۔ انہوں نے آئندہ انتخابات سے متعلق مرکز کی پالیسی کو ایک بار پھر واضح کرتے ہوئے کہا کہ علامہ فدا حسین مظاہری کے فرمان کے مطابق مرکز اس بار الیکشن میں غیر جانبدار رہے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ انتخابات میں غیر جانبدار رہنے کا فیصلہ ہم نے اسلئے کیا ہے کہ گذشتہ انتخابات میں حد سے بڑھ کر حصہ لیکر ہمیں ایک تلخ تجربہ حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے تمام سیاسی شخصیات سے گزارش کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن اور ممبر اسمبلی سے زیادہ اس قوم کو اتفاق و اتحاد کی ضرورت ہے، کیونکہ گذشتہ انتخابات کے بعد نفاق کی وجہ سے یہ قوم تباہی کے کنارے پر پہنچ گئی۔ تاہم ان پُر آشوب حالات کے دوران مخلصانہ اور مجاہدانہ لیڈرشپ کی خصوصیات کی حامل شخصیت، علامہ فدا حسین مظاہری نے مدرسہ جعفریہ اور مرکزی جامع مسجد پاراچنار میں امامت کا عہدہ سنبھالا اور پھر ان کی انتھک کوششوں سے قوم کے اندر موجود نفاق ختم ہوکر محبت اور آشتی کی فضا قائم ہوگئی۔ انہوں نے سیاسی شخصیات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران قومی اتحاد کا خاص خیال رکھتے ہوئے، گالی گلوچ اور نفرت آمیز نعروں سے مکمل اجتناب کریں۔ اسکے بعد مرکزی جامع مسجد کے پیش امام علامہ فدا حسین مظاہری کی اقتدا میں ہزاروں کی تعداد میں نمازیوں نے عید الفطر کی نماز ادا کی۔

نماز کے بعد عید الفطر کے خطبوں میں علامہ شیخ فدا حسین مظاہری نے کہا کہ یہ دن مسلمانوں کی آپس میں محبت اور یکجہتی کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں مسلمان گناہوں سے پاک ہوکر پاکیزہ دل کے ساتھ عید الفطر مناتے ہیں، اس دوران مسلمان اپنی تمام تر دشمنیوں کو ترک کر دیتے ہیں۔ آپس میں متحد ہونے کیلئے عید الفطر ایک بہترین الٰہی موقع ہے۔ جس میں مسلمان اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرکے عالم اسلام کے خلاف تمام تر سازشوں کو ناکام بنا دیتے ہیں۔ انہوں نے قوم کو اتحاد و اتفاق کا درس دیتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کو آپس میں اتحاد و اتفاق اور الفت و محبت قائم رکھنا چاہئے اور آپس کی تمام دشمنیوں کا خاتمہ کرنا چاہیے۔ اتحاد امت ہی میں مسلمانوں کے تمام مسائل کا حل پوشیدہ ہے۔ آخر میں انہوں نے وطن عزیز پاکستان کی سالمیت اور بقا کیلئے خصوصی دعائیں مانگی۔ اس موقع پر 8 بلوچ کے سی او کرنل مسعود کی سربراہی میں پاک آرمی، لیوی فورس، پاسدار کمیٹی اور دیگر رضاکاروں کیجانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ نماز کے بعد علامہ فدا حسین مظاہری، سیاسی اور سماجی شخصیات اور دیگر شرکاء نے مرکزی عیدگاہ کے قریب واقع شہید علامہ شیخ نواز عرفانی کے مزار پر حاضری دیکر فاتحہ پڑھی۔ بعد از نماز آنے والے انتخابات کے حوالے سے مرکز کی پالیسی پر مبنی علامہ فدا حسین مظاہری کا تحریری پیغام تقسیم کیا گیا، جس کے آخر میں علامہ فدا حسین مظاہری کے دستخط اور مُہر بھی ثبت تھی۔
 
آنیوالے انتخابات کے حوالے سے مرکزی پالیسی پر مبنی تحریر کی کاپی:
مصنف : ایس این حسینی
خبر کا کوڈ : 731925
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش