0
Tuesday 26 Nov 2019 12:54

عوام نے میدان مار لیا

عوام نے میدان مار لیا
اداریہ
ایران کا اسلامی انقلاب جس طرح دشمن کے نشانے پر ہے اور رہا ہے، ماضی میں کسی اور انقلاب اور نظام کو اسطرح دشمن کی سازشوں کا مسلسل سامنا نہیں کرنا پڑا۔ چالیس برس کا عرصہ بیت چکا ہے، لیکن اس انقلاب کے دشمن ایک دن بھی اس کو برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ انقلاب کی کامیابی سے پہلے، انقلاب کی کامیابی کے فوراً بعد اور گذشتہ چالیس برسوں میں اس انقلاب کے خلاف انجام پانی والی سازشوں کا اگر شمار کیا جائے، تو کئی دفتر درکار ہونگے۔ دشمن معمولی سے معمولی غلطی کو بھی نظرانداز نہیں کرتا اور موقع پاتے ہی چھری کانٹوں سے لیس ہوکر انقلابی نظام کے حصے بخرے کرنے کے لیے میدان میں آجاتا ہے۔ اسلامی انقلاب کو اغواء کرنے اور امام خمینیؒ کو قتل کرنے کی ناکام سازش نیز پارلیمنٹ کی عمارت میں 72 بہترین شخصیات کو دھماکے سے اڑانے سے لیکر صدر اور وزیراعظم کو شہید کروانا، اب معمولی کاروائیاں محسوس ہوتی ہیں۔ سازشوں پر سازشیں اور اسلامی حکومت کے خاتمے کے لیے ہر طرح کے ہتھکنڈے استعمال کرنا سامراجی طاقتوں کا وطیرہ بن چکا ہے۔

ایرانی فضائیہ کیطرف سے بغاوت کی بات ہو یا ملک کی اعلیٰ قیادت کو قتل کرنے کا منصوبہ یا صف اؤل کی قیادت کو شہید کرنے کے ساتھ ساتھ آٹھ سال تک جنگ مسلط کرنا، سب اسی سلسلے کی کڑیاں ہیں۔ اسلام و انقلاب دشمن طاقتیں یہ سب کچھ خفیہ طور پر انجام نہیں دیتیں، وقتاَ فوقتاَ اس کا اعلان اور اعتراف بھی کرتی رہتی ہیں۔ امریکہ اور اسکے علاقائی اتحادی اسلامی انقلاب کے خلاف معمولی کاروائی پر ایسی امیدیں باندھ لیتے ہیں کہ جیسے انقلاب اور اسلامی حکومت چند دنوں کی مہمان ہے۔ ایران کے اسلامی انقلاب کے خلاف جب بھی کوئی داخلی آواز اٹھتی ہے تو دنیا بھر کی سامراجی حکومتیں اور بڑے شیطان کے ایجنٹ کونوں کھدروں سے نکل کر میدان میں آجاتے ہیں۔ گذشتہ ایک ہفتے میں بھی یہی کھیل جاری رہا۔ ایرانی عوام نے تیل کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف آواز اٹھانا شروع ہی کی تھی کہ انقلاب دشمن داخلی اور خارجی طاقتیں پوری قوت کے ساتھ میدان میں آگئیں۔

پہلے اڑتالیس گھنٹوں میں بینک جلانے، ایمبولینسوں کو ناکارہ بنانے، ذاتی املاک کو نقصان پہنچانے اور امریکی صہیونی میڈیا کو دکھانے کے لیے ایسے غیر انسانی اقدامات انجام دیئے گئے کہ عام لوگ تیل کی قیمتوں میں کمی کے مطالبے کو بھول کر قومی سلامتی کے مسائل کیطرف متوجہ ہو گئے۔ گھات لگا کر مکمل تیاری کے ساتھ بیٹھے دشمن نے جس سرعت اور منصوبہ بندی سے انقلاب مخالف سرگرمیاں انجام دیں، اس نے سب کو باور کروایا کہ مسئلہ تیل کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج نہیں، بلکہ حقیقت میں اسرائیلی اور سعودی ایجنڈے پر عملدرآمد ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انقلاب دشمن داخلی اور خارجی قوتوں کے خلاف ایرانی عوام میدان میں نکل آئی اور اس نے عوامی طاقت سے شرپسندوں، تخریب کاروں، بلوائیوں اور بیرونی ایجنڈے پر کام کرنے والے سازشیوں کی بساط لپیٹ کر رکھ دی۔ ایرانی عوام نے ایک بار پھر سڑکوں پر آ کر انقلاب دشمن طاقتوں کی منصوبہ بند سازش کو ناکام بنا دیا۔ ایران کی عوام نے ماضی میں بھی اور آج بھی اپنی قیادت اور اپنے انقلاب سے اظہارِ یکجہتی کر کے دنیا کو پیغام دے دیا ہے کہ ایرانی عوام بیدار ہے اور دشمن کے حربے کو ناکام بنانے کا حوصلہ، جرات اور طاقت رکھتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 829071
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش