0
Wednesday 15 Jan 2020 14:02

ہیش ٹیگ کیوں استعمال کریں؟

ہیش ٹیگ کیوں استعمال کریں؟
تحریر: شریف ولی کھرمنگی

سوشل میڈیا آج کل ہر کسی کی دسترس میں ہے۔ ہر کوئی بغیر کسی پروفیشن، عمر، جنس، علاقہ وغیرہ کی تفریق کے روزانہ بیشتر وقت سوشل میڈیا استعمال کرتا ہے۔ اکثر و بیشتر تفریح اور اپنے دوست احباب سے رابطے کیساتھ سوشل میڈیا ہی کے توسط سے علاقائی، ملکی اور عالمی حالات سے بھی باخبر ہوتے ہیں۔ سیاسی و سماجی اور تعلیمی و دیگر معاملات پر گفتگو بھی سب سے زیادہ سوشل میڈیا پر کرتے ہیں۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی اس زمانے میں سوشل میڈیا کے مثبت استعمال پر بہت زیادہ تاکید کرتے ہیں۔ اس کیوجہ یہی ہے، کیونکہ عام فہم افراد کو اصل حقائق سے آگاہی دینے کیلئے موثر ترین ٹول سوشل میڈیا کا مثبت استعمال ہے۔ سوشل میڈیا کے موثر استعمال کی بہت سی ترکیبیں ہیں، جن کے استعمال سے پیغامات کی ترسیل اور پہنچ آسان تر ہو جاتی ہے۔

ہیش ٹیگ (#) کا استعمال ایک آسان سا کام ہے، جس کے ذریعے آپ کی سادہ سی پوسٹ (ٹیکسٹ، تصویر یا ویڈیو کیپشن، ویب سائٹ لنک وغیرہ) بھی ایک انٹرنٹ لنک سے منسلک ہو جاتی ہے۔ ہیش ٹیگ دراصل ایک سرچ الگوریتھم کو فالو کرتی ہے۔ مخصوص لفظ، حرف، ایموجی، وغیرہ کو سرچ کرنے اور کاؤنٹ کرنے کا یہ بہت ہی آسان اور موثر طریقہ ہے۔ فیس بک اور ٹویٹر دونوں پر کسی بھی پوسٹ میں استعمال ہونیوالی ہیش ٹیگ ایک لنک پیدا کرتی ہے۔ جب کسی لفظ یا فقرے کے شروع میں پیش ٹیگ لگا دے تو وہ لفظ یا فقرہ ہائی لائٹ ہو جاتا ہے۔ آپ پوسٹ کرنے کے بعد اس پر کلک کریں تو آپکو اسی لفظ یا فقرے کیساتھ دنیا کے کسی بھی ملک میں کی گئی پوسٹیں نظر آجاتی ہے۔ اسی طرح جب دوسرا کوئی بھی کسی بھی ملک اور شہر سے اسی لفظ یا فقرے پر پیش ٹیگ استعمال کرے تو وہ آپ کی اس پوسٹ کو فوراً دیکھ سکے گا۔

ٹویٹر ٹرینڈ کا رجحان اب بیشتر عام لوگوں کی معلومات اور استعمال میں بھی ہے۔ مخصوص وقت میں جب ایک ہی لفظ یا فقرے پر بہت سے لوگ ہیش ٹیگ استعمال کرنے لگ جائیں تو وہ ایک ٹرینڈ بن جاتا ہے۔ اس کی تعداد جب بہت زیادہ ہو جاتی ہے تو وہ عالمی توجہ حاصل کرتی ہے اور ایک ملک کے اندر مخصوص وقت میں ٹاپ ٹرینڈ بن جانے والا لفظ اور فقرہ تعداد سمیت اس ملک کے تقریباً تمام ٹویٹر صارف کو نظر آنے لگتا ہے، جس پر لوگ متوجہ ہو جاتے ہیں۔ ساتھ ساتھ ملکی ادارے اور پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا اس ٹرینڈ سے متعلقہ ایشوز کو دیکھنے اور تحقیق پر مجبور ہوتے ہیں۔ مثلاً آج کل سب سے زیادہ ٹرینڈ #قاسم_سلیمانی #WWIII #IranvsUSA  وغیرہ کے چل رہے ہیں۔ جس کی وجہ سب جانتے ہیں۔

سیاسی جماعتیں اپنے پروگرامز کے حوالے سے آگاہی دینے کیلئے، حکومتی اقدامات اور پالیسیوں کی بابت سول سوسائٹی کسی اقدام کے لئے، عالمی امور اور سماجی معاملات وغیرہ وغیرہ پر سوشل ایکٹیویسٹ یہی طریقہ کار اختیار کرتے ہیں اور مخصوص وقت متعین کرکے اپنے ہم فکر افراد سے زیادہ سے زیادہ ہیش ٹیگ کیساتھ پوسٹ کرواتے ہیں اور اس طرح بغیر کسی خرچ کے اپنی دلچسپی والے معاملات کو کروڑوں افراد تک پہنچاتے ہیں۔ بعض سیاسی جماعتوں نے میڈیا ہاؤسز اور ایکٹیویسٹ کی ٹیمیں بنائی ہوئی ہوتی ہیں، جو باقاعدہ منصوبہ بندی کیساتھ اپنے ٹرینڈز سیٹ کرتی ہیں، اس طرح اپنے مخصوص معاملات کی بابت آگاہی اور نظریات عوام تک پہنچاتے ہیں۔ اس لئے دوست احباب جو ریگولر فیس بک اور ٹویٹر استعمال کرتے ہیں، وہ ہیش ٹیگ کو استعمال کیا کریں۔ خاص طور پر اہم بین الاقوامی امور کی بابت مقامی سرگرمیوں کو ہائی لائٹ کرنے کیلئے انگریزی یا اردو الفاظ و فقرے کیساتھ پیش ٹیگ استعمال کرکے آپ عالمی تحریکوں کے آواز میں آواز ملا رہے ہونگے۔ اپنی مقامی سرگرمیوں کو دنیا تک پہنچا رہے ہونگے۔
خبر کا کوڈ : 838650
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش