0
Tuesday 28 Mar 2023 11:44

تحریک انصاف نے مریم نواز کو مینارِپاکستان جلسہ کرنے کا چیلنج کر دیا

تحریک انصاف نے مریم نواز کو مینارِپاکستان جلسہ کرنے کا چیلنج کر دیا
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف نے مسلم لیگ ن کو مینار پاکستان میں جلسہ کرنے کا چیلنج دیدیا۔ انسداد دہشتگردی عدالت لاہور کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما میاں اسلم اقبال اور ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ یہ عمران خان کے وجود کو مائنس نہیں کر سکتے، عمران خان پاکستان کی بنیادی ضرورت بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کراؤ تمہیں فوری پتا چل جائے گا، مریم نواز چھوٹی چھوٹی جلسیاں کرتی پھر رہی ہے، مریم کو چیلنج کرتا ہوں آؤ مینار پاکستان جلسہ کرو تمہیں لگ پتا جائے گا۔

میاں اسلم اقبال نے کہا کہ رانا ثناءاللہ کے عمران خان کیخلاف بیان کو مسترد کرتے ہیں، رانا ثناء اللہ، سنو اگر منہ اچھا نہ ہو تو بات اچھی کر لیا کرو، عمران خان کو دنیا کے سامنے ذلیل کرنے کی کوشش کر رہے ہو۔ انہوں نے کہا کہ زرداری، نواز شریف اور مریم نواز کی وجہ پاکستان کا یہ حال ہوا ہے، ان حکمرانوں کا سارا کچھ ملک سے باہر ہے، ان کو ملک سے کوئی غرض نہیں۔
 
میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ ریاست ایک ماں ہوتی ہے، یہاں حکمران ڈائن کا کردار ادا کر رہے ہیں، جب بدنیت، قاتل اور بے ایمان لوگ حکومت میں بیٹھے ہوں تو یہی ہوتا ہے جو اب ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اکانومی کا بیڑا غرق کر دیا ہے، لوگ فاقہ کشی اور خودکشیاں کر رہے ہیں، پانچ ماہ پہلے آٹا 55 روپے تھا اور آج 155 کر دیا گیا ہے، حکومت کو یہی پتا ہے کہ پی ٹی آئی پر مقدمات کیسے بنانے ہیں، انہیں عوام سے کوئی غرض نہیں۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ حکومت نے ایک اور کنفیوژن پیدا کر دی ہے، قانون کا جو حال کر دیا گیا ہے تاریخ میں یہ مثال نہیں ملتی، ہمیں یہ بھی نہیں ہتا چلتا کہ ہمارے کارکن اور رہنما کہاں ہیں، حسان نیازی ایک بچہ ہے یہ اس کو بھی تنگ کر رہے ہیں، نہ کوئی ثبوت نہ کوئی ڈاکومنٹ پھر بھی حسان کو تنگ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رانا ثناء االلہ ایک بدمعاش ہے، رانا ثنااللہ کی باتیں بتا رہی ہیں کہ یہ ایک بدمعاش ہے، اسے اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔
خبر کا کوڈ : 1049142
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش