0
Tuesday 19 Mar 2024 13:23

بھارتی حکومت کی طرف سے مزید 2سیاسی جماعتوں پر پابندی کی مذمت

بھارتی حکومت کی طرف سے مزید 2سیاسی جماعتوں پر پابندی کی مذمت
اسلام ٹائمز۔ کشمیر کونسل یورپ کے چیئرمین علی رضا سید نے بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی حکومت کی طرف سے مزید 2 آزادی پسند سیاسی جماعتوں پر پابندی کی شدید مذمت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق علی رضا سید نے برسلز سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارتی حکومت نے کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو دبانے کی اپنی مہم جاری رکھتے ہوئے آزادی پسند تنظیموں جموں و کشمیر پیپلز فریڈم لیگ اور جموں و کشمیر پیپلز لیگ پر 5سال کے لیے پابندی لگا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں اعلان بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ پر عائد پابندی میں مزید پانچ سال کی توسیع بھی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت کرنے والی سیاسی آوازوں پر قدغن عائد کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے پہلے ہی حق خودارادیت کی حمایت پر مسلم لیگ، ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی، تحریک حریت، دختران ملت، مسلم کانفرنس اور جماعت اسلامی پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ علی رضا سید نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ 76 سال سے اپنے حق خودارادیت کے حصول کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں اور تحریک آزادی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے تک بے مثال قربانیاں پیش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی سیاسی جماعتوں پر پابندی لگا کر بھارتی حکومت کشمیریوں کو محکوم اور جموں و کشمیر پر اپنے غیر قانونی قبضے کو طول دینا چاہتی ہے۔

علی رضا سید نے کہا کہ کشمیریوں کی سیاسی جماعتوں کے خلاف بھارت کا یہ ریاستی جبر آزادانہ سیاسی سرگرمیوں، سیاسی آزادی، تقریر اور اظہار رائے کی آزادی اور سیاسی جماعتوں کی تشکیل اور تنظیم جیسے حقوق سے متعلق بین الاقوامی اصولوں اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کو سیاسی جماعتوں پر پابندی عائد کرنے سے روکے اور مقبوضہ علاقے میں بھارتی ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرانے کیلئے دبائو بڑھائے۔
خبر کا کوڈ : 1123571
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش