1
Friday 5 Apr 2024 22:30

اصغریہ اسٹوڈنٹس و علم و عمل تحریک کے تحت حیدرآباد میں آزادی القدس ریلی کا انعقاد

اصغریہ اسٹوڈنٹس و علم و عمل تحریک کے تحت حیدرآباد میں آزادی القدس ریلی کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان، اصغریہ علم و عمل تحریک پاکستان اور اصغریہ خواتین علم و عمل تحریک کے زیر اہتمام عالمی یوم القدس کی مناسبت سے حیدرآباد میں القدس ریلی اولڈ کیمپس تا پریس کلب تک نکالی گئی، ریلی سے مولانا محمد حسن مشہدی، اصغریہ تحریک کے مرکزی جنرل سیکریٹری قمر عباس غدیری، اصغریہ اسٹوڈنٹس کے مرکزی صدر محمد حسین الحسینی، اصغریہ خواتین تحریک کی مرکزی صدر سیدہ خوشبو زہرا موسوی، اصغریہ تحریک کی مجلس اعلیٰ کے سیکریٹری سید پسند علی، صراط الہیٰ حفظ القرآن کے مسئول حافظ سید زاہد کاظمی، مہک زہرا اور علی عباس رضوی و دیگر نے خطاب کیا۔ القدس ریلی میں بچوں، خواتین اور بلند حوصلہ بزرگوں سمیت شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کرتے ہوئے ان سے مکمل اظہار یکجہتی کیا، شرکاء تحریک آزادی فلسطین کے حق میں امریکا اور اسرائیل کے خلاف پلے کارڈز، بینرز بھی اٹھا رکھے تھے۔ ریلی حیدرآباد پریس کلب پہنچ کر بڑے احتجاجی جلسے میں تبدیل ہوگئی۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اصغریہ علم و عمل تحریک کے مرکزی رہنما قمر عباس غدیری نے کہا کہ سرزمین پاکستان میں یوم القدس سے ہٹ کر بھی بات کی جائے، تو یہاں پر بسنے والی غیرت مند پاکستانی قوم دنیا بھر کے مسلمانوں کے دکھ درد میں برابر کی شریک رہتی ہے اور دنیا میں کسی بھی خطے میں سامراجی اور شیطانی عزائم کا شکار ہونے والے مسلمانوں کے حق میں پاکستان کے بہادر اور غیور عوام اپنی آواز کو بلند کرنے اور صدائے احتجاج کرنے میں ناصرف فخر محسوس کرتے ہیں بلکہ اسے اپنا فریضہ سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمعۃ الوداع عالمی یوم القدس کو بھی پاکستان کے عوام دنیا کے مسلمانوں سے کسی طور پیچھے نہیں رہتے، حتیٰ کہ پاکستان خود دہشتگردی اور کئی دیگر مسائل کا شکار ہے، لیکن سلام ہو ان دلیروں پر کہ جو اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور ہمدردی کیلئے اور قبلہ اول بیت المقدس کی بازیابی کیلئے سڑکوں پر نکل کھڑے ہوتے ہیں۔

اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائیزیشن کے مرکزی صدر محمد حسین الحسینی نے کہا کہ مظلوم فلسطین میں ہو یا کشمیر میں، عالمی یوم القدس سب مظلوموں کا دن ہے، یہ دن عراق کا دن ہے کہ جہاں عالمی دہشتگرد امریکا کے ہاتھوں ہزاروں عراقیوں کا قتل عام ہوا ہے، یہ دن یمن کا دن ہے جہاں گذشتہ نو برس سے انسانی زندگیاں موت کی لکیر تک جا پہنچی ہیں اور اس کا سبب امریکی سرپرستی میں عرب حکمرانوں کی یمن پر مسلط کردہ جنگ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین و کشمیر سے یکجہتی کرنا بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ اور علامہ اقبال کے مؤقف سے تجدید کرنا ہے۔ 

اصغریہ خواتین تحریک کی مرکزی صدر سیدہ خوشبو زہرا موسوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرزمین مقدس فلسطین اور اسکے باسی گزشتہ سو برس سے اس زمین پر صہیونیوں کی مکاریوں اور فریب کاریوں کا سامنا کرتے آئے ہیں، صہیونیوں کے مقاصد میں جہاں فلسطین پر یہودیوں کیلئے علیحدہ ریاست قائم کرنا تھا، وہاں ساتھ ساتھ قبلہ اول بیت المقدس پر بھی صہیونی اپنا مکمل تسلط چاہتے ہیں، اگرچہ تاحال صہیونی اپنی اس چال میں کامیاب نہیں ہو پائے ہیں، یہی وجہ ہے کہ صہیونیوں کی جعلی ریاست اسرائیل کا پشت پناہ امریکا مسلسل کوشش کر رہا ہے کہ بیت المقدس پر صہیونیوں کا مکمل تسلط قائم کر دیا جائے، اس گھناؤنے فعل کو انجام دینے کیلئے امریکی حکومت نے صدی کی ڈیل و ابراہیمی معاہدہ جیسے سازشی منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کی ہے، تاہم یہ منصوبہ بھی تاحال فلسطینیوں کی مزاحمت اور استقامت کے باعث ناکام ہو چکا ہے۔

رہنما اصغریہ تحریک سید پسند علی رضوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین موجودہ حالات میں طول تاریخ کے اعتبار سے سنگین ترین دور سے گزر رہا ہے، فلسطین کا سودا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، قبلہ اول بیت المقدس پر امریکی سربراہی میں عرب حکمرانوں کے تعاون سے سودے بازی کی کوشش بھی جاری ہے، ایسے حالات میں فلسطینی عوام نے تمام سازشوں کا مقابلہ کرنے کی ٹھان رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج غزہ کے مظلوم آپ کو پکار رہے ہیں، آئیے مل کر مظلوم فلسطینوں کی آواز بنیں۔ ریلی کے آخر میں فلسطین کے حق میں اور امریکا و اسرائیل کے خلاف مذمتی قرادادیں منظور کی گئیں، جبکہ امریکا و اسرائیل سے اظہار نفرت کرتے ہوئے انکے پرچم بھی نذر آتش کئے گئے۔
خبر کا کوڈ : 1127048
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش