0
Tuesday 9 Apr 2024 10:56

پاکستانی ڈاکٹرز کا غزہ میں اسرائیلی جارحیت کیخلاف تحریک چلانے کا اعلان

پاکستانی ڈاکٹرز کا غزہ میں اسرائیلی جارحیت کیخلاف تحریک چلانے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ ینگ ڈاکٹرایسوسی ایشن پنجاب کے عہدیداروں نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین میں ہسپتالوں، طبی عملے اور مریضوں پر حملے بند ہونے چاہیں، غزہ کا طبی نظام پہلے ہی تباہ کن حالات سے پُر تھا، اب ہسپتالوں کا خاتمہ ایک اور بڑھا دھچکا ہے۔ اسرائیل کے حملوں کی زد میں رہنے والے ہسسپتال اب کھنڈر دکھائی دیتے ہیں۔ ہسپتالوں میں کام کرنیوالے عملے کو اسرائیلی فوج نے گرفتار کر لیا ہوا ہے، غزہ کے 36 ہسپتالوں میں ایک تہائی سے بھی کم فعال رہ گئے ہیں، جن میں صرف ایک شمالی غزہ میں واقع ہے۔ پاکستانی حکومت اس معاملے پر جس طرح بولنا چاہئے تھا وہ نہیں بولی، جس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ہسپتالوں میں ہمارے ڈاکٹر بھائی شہید ہوئے ہیں، اسرائیلی حملوں میں ایسے ڈاکٹر بھی شہید ہوئے ہیں جو پاکستان سے میڈیکل کی تعلیم حاصل کرکے گئے تھے۔ اس دوران ہسپتالوں کے احاطوں میں سیکنڑوں پناہ گزینوں کے خیمے بلڈورزوں کے ذریعے اکھاڑ دیئے گئے ہیں، اس کارروائی میں متعدد افراد شہید اور زخمی بھی ہوئے ہیں، حملوں کے دوران ایمبولینس گاڑیوں کیلئے ہسپتالوں میں پہنچا ناممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ڈاکٹر برادری کو بے گھر لوگوں کی حالت پر سخت تشویش ہے۔ ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن پنجاب کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر سلمان حسیب چودھری نے کہا کہ فلسطین میں مسلمانوں پر ہونیوالے مظالم کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے، ہم ایک تحریک چلانے جا رہے ہیں، اور اپنی آواز بھی اس ظلم کیخلاف اٹھا رہے ہیں۔ بیرون ملک جتنی کمینوٹی اور ایسوسی ایشنز ہیں، وہ بھی ہمارے ساتھ ہسپتالوں پر حملوں کیخلاف آواز اٹھائیں۔ چیئرمین ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب ڈاکٹر مدثر نواز اشرفی نے کہا کہ اب تو شائد غزہ میں کوئی ہسپتال اسرائیلی جارحیت سے محفوظ نہیں، الشفاء ہسپتال کے بعد یکے بعد دیگرے اسرائیل نے غزہ میں ہسپتالوں کو نشانہ بنایا ہے۔ صہیونی ریاست کھلم کھلا انسانیت کی تذلیل کر رہی ہے۔ فلسطینی مسلمانوں کیخلاف اسرائیلی ریاست کی دہشت گردی کو تقریباً چھ ماہ ہوگئے ہیں، جنین کے علاقے میں واقع فلسطین کے ہسپتالوں پر حملہ بھی انتہائی افسوسناک اور تکلیف دہ ہے۔

صدر ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن پنجاب ڈاکٹر شعیب نیازی نے کہا کہ اسرائیل غزہ میں جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے، لیکن امریکہ اور یورپی ممالک اسرائیل کو لگام دینے میں کی بجائے اس کی پشت پناہی کر رہے ہیں۔ غزہ میں اب تک ہزاروں فلسطینی مسلمان شہید ہو چکے ہیں اور بڑی تعداد میں زخمی موجود ہیں، جن کا علاج معالجہ اور دیکھ بھال کرنا اب ممکن نہیں رہا۔ غزہ میں انسانیت سکسک رہی ہے۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے رہنما ڈاکٹر عاطف مجید چودھری نے کہا کہ اسلامی ملکوں کا حال بھی اتنا اچھا نہیں، وہ صرف مذمتی بیانات اور جلوسوں تک محدود ہیں، اگر اسرائیل کو پاکستان کی طرف سے سخت جواب دیدیا جاتا، تو آج صورتحال مختلف ہوتی۔ اسی طرح ترکیہ، سعودی عرب، مصر اور دیگر مسلمانوں ملکوں کو اسرائیل کیخلاف شدید ردعمل دینا چاہیے تھا، لیکن افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ ایسا نہیں ہو سکا۔

صدر ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن سروسز ہسپتال لاہور ڈاکٹر محمد عدیل نے کہا کہ اسلامی ممالک امریکہ اور یورپ کے خوف سے اسرائیلی جارحیت کیخلاف عملی اقدامات کرنے سے گھبراتے ہیں، انہیں اللہ تعالیٰ کا خوف نہیں۔ اسلامی ممالک کے ارباب اقتدار کو اللہ سے ڈرنا چاہیے اور فوری طور پر غزہ میں جارحیت روکنے کیلئے عملی اقدام کرنا چاہیئیں۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن چلڈرن ہسپتال لاہور کے رہنما ڈاکٹر سلیم نیازی نے کہا کہ ابھی بھی اسلامی ممالک نے اس کیخلاف آواز نہ اٹھائی تو اللہ ان حکمرانوں کو معاف نہیں کرے گا، انکا نام تاریخ میں سیاہ حروف سے لکھا جائے گا۔ غزہ اس وقت تباہی کی دستاں بن چکا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1127674
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش