0
Wednesday 10 Apr 2024 21:30

مجھے اپنے بیٹوں کی شہادت پر فخر ہے، اسماعیل ھنیہ

مجھے اپنے بیٹوں کی شہادت پر فخر ہے، اسماعیل ھنیہ
اسلام ٹائمز۔ فلسطین کی مقاومتی تحریک "حماس" کے پولیٹیکل بیورو چیف "اسماعیل هنیه" نے اپنے بیٹوں اور پوتوں کی شہادت پر کہا کہ فلسطین کی راہ میں اب تک میرے خاندان کے 60 افراد شہید ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے بیٹوں اور دیگر فرزندان فلسطین میں کوئی فرق نہیں۔ اسماعیل هنیه نے الجزیره سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں اس عزت و سعادت پر خداوند متعال کی بارگاہ میں شکر گزار ہوں کہ اُس نے مجھے میرے بیٹوں اور پوتوں کی شہادت کے رتبے سے نوازا۔ انہوں نے کہا کہ اس خون و قربانی سے فلسطین کاز سمیت فلسطینی عوام کی آزادی اور مستقبل کو جلا بخشیں گے۔ میرے شہید بچے زمان و مکان کے اعتبار سے سرخرو ہوئے۔ میرے بچے غزہ کی پٹی میں عوام کے ساتھ رہے اور کہیں نقل مکانی نہیں کی۔ غزہ کے تمام افراد نے اپنے بچوں کے خون سے بھاری قیمت چکائی ہے میں بھی اُن میں سے ایک ہوں۔ دوسرے فلسطینیوں کی طرح میرے خاندان کے ساٹھ افراد بھی شہید ہوئے۔ میرے اور اُن کے درمیان کوئی فرق نہیں۔

اسماعیل ھنیہ نے اس بات پر زور دیا کہ قابضین یہ سمجھتے ہیں کہ میرے بچوں کو نشانہ بنانے سے شاید ہماری عوام کے عزم و حوصلے میں کوئی کمی آ جائے گی۔ جس کے جواب میں ہم قابضین سے کہتے ہیں کہ شہداء کا یہ خون اپنی سرزمین سے ہماری وابستگی کو مزید مضبوط کر دے گا۔ قابض صیہونی رژیم اپنے کسی مقصد میں کامیاب نہیں ہو سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ جو دشمن قتل و غارت گری اور ہمارے شہروں کو تباہ کرنے کے بعد من پسند نتائج حاصل نہیں کر سکا وہ مذاکرات میں بھی اپنے اہداف کے حصول میں ناکام ہو گا۔ آخر میں اسماعیل هنیه نے کہا کہ دشمن اگر سوچتا ہے کہ میرے بچوں کو مار کر میرے موقف میں کوئی تبدیلی لے آئے گا تو وہ خوابوں کی دنیا میں رہتا ہے۔ میرے بچوں کا خون غزہ کے دیگر شہداء سے قیمتی نہیں۔ وہ سب میرے بیٹے ہیں۔ بیت المقدس و مسجد الاقصیٰ کی آزادی کی راہ میں میرے بیٹوں کا خون ایک نذرانہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 1127900
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش