0
Tuesday 16 Apr 2024 22:58

سرکاری ملازمتوں میں بھرتیاں میرٹ پر کی جائیں، جماعت اسلامی

سرکاری ملازمتوں میں بھرتیاں میرٹ پر کی جائیں، جماعت اسلامی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر ڈاکٹر اسامہ رضی نے سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے سندھ حکومت کو صوبے کے مختلف محکموں میں گریڈ 1 سے 15 تک سرکاری ملازمتوں کیلئے بھرتی کی اجازت دینے کے احکامات پر تبصرہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری ملازمتوں میں بھرتیاں میرٹ پر کی جائیں اور پورے عمل میں قانون اور ضابطے کے مطابق شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور کراچی کے نوجوانوں کو ان کا حق دیا جائے، تمام آسامیاں مشتہر کی جائیں اور شفاف طریقہ کار کا تعین عدالت کے ذریعے سے کیا جائے، سرکاری ملازمتوں میں میرٹ کا گلا گھونٹا گیا تو شدید مزاحمت کریں گے اور تحریک چلائیں گے۔ اپنے ایک بیان میں اسامہ رضی نے کہا کہ سرکاری ملازمتوں میں میرٹ پر بھرتیوں کے حوالے سے سندھ حکومت کا ٹریک ریکارڈ ہمیشہ سے انتہائی خراب رہا ہے اور بھرتیوں کے عمل میں اقرباپروری اور کرپشن کا بازار گرم کرکے من پسند افراد کو بھرتی کیا گیا اور قانون و ضابطوں کی دھجیاں اڑائی گئیں۔

اسامہ رضی نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ کرپشن اور نااہلی کے حوالے سے سندھ حکومت پورے ملک میں سب سے زیادہ بدنام ہے۔ اسامہ رضی نے کہا کہ پیپلز پارٹی 15 سال سے سندھ میں حکومت کر رہی ہے اور مسلسل چوتھی مرتبہ اس کی حکومت قائم ہوئی ہے، پیپلز پارٹی کی حکومت نے اپنے ہر دور میں پورے صوبے میں میرٹ کا کھلم کھلا قتل کیا، بالخصوص کراچی کے اہل، باصلاحیت اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کی حق تلفی کی، اب یہ سلسلہ ختم ہونا چاہیئے اور میرٹ پر بھرتی کے عمل کو یقینی بناتے ہوئے کراچی کے نوجوانوں کو سرکاری ملازمتوں میں ان کا جائز اور قانونی حق دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک کا تعلیم یافتہ اور ہنر مند نوجوان بیرون ملک جانے پر مجبور کر دیا گیا ہے، نوجوان پروفیشنل ڈگریاں لے کر ڈیلوری بوائے کا کام کر رہے ہیں۔ اسامہ رضی نے عدالت سے استدعا کی کہ اگر میرٹ اور شفافیت کو سیاسی رشوت اور کرپشن کا ذریعہ بنایا جائے تو عدالت ریمارکس سے آگے بڑھ کر سوموٹو ایکشن لے اور کرپٹ حکمرانوں کو سزا دے۔
خبر کا کوڈ : 1129117
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش