0
Thursday 18 Apr 2024 18:14

گلگت بلتستان حکومت کے ہاتھ مضبوط کرینگے، اسلامی تحریک کا اعلان

گلگت بلتستان حکومت کے ہاتھ مضبوط کرینگے، اسلامی تحریک کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ ترجمان برائے وزیر اعلی گلگت بلتستان فیض اللہ فراق نے کہا ہے کہ گزشتہ شب ہم خیال گروپ کے رکن گلگت بلتستان اسمبلی راجہ اعظم خان اور اسلامی تحریک پاکستان کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمد علی قائد، ،سربراہ رابط کمیٹی اسلامی تحریک پاکستان (گلگت بلتستان) شیخ مرزا علی اور اسلامی تحریک پاکستان کے رکن گلگت بلتستان اسمبلی ایوب وزیری نے وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر رکن گلگت بلتستان اسمبلی و چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ فتح اللہ خان اور وزیر اعلی کے معاون خصوصی برائے معدنیات مولانا سرور شاہ بھی موجود تھے۔ 
 
ترجمان کے مطابق ملاقات میں باہمی سیاسی امور پر گفت وشنید ہوئی۔ ملاقات میں جی بی کی تعمیر وترقی، پائیدار امن، خوشحالی اور بھائی چارے جیسے امور پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان نے اس موقع پر کہا کہ میں گلگت بلتستان کی تمام اقوام، مسالک، علاقے اور زبان بولنے والوں کا وزیر اعلی ہوں اور ترقی کے یکساں مواقع پر یقین رکھتا ہوں، گلگت بلتستان کی تمام سیاسی جماعتوں کا حق ہے کہ وہ خطے کی تعمیر کیلئے حکومت کے ساتھ ملکر کام کریں، ہم سب کو ساتھ لیکر آگے بڑھنا چاہتے ہیں، پہلے سے ہی اتحادی حکومت ہے اور مزید بھی اتحادیوں کے قائل ہیں کیونکہ یہ خطہ سب کا گھر ہے، تمام نے ملکر گلگت بلتستان کو مختلف بحرانوں سے نکالنے میں اہم کردار ادا کرنا ہے۔
 
اس موقع پر اسلامی تحریک پاکستان کے قائدین نے کہا کہ ہم مسلکی و علاقائی ہم آہنگی کو تقویت دینا چاہتے ہیں اور گلگت بلتستان کے وسیع تر مفاد میں امن، اتحاد اور علاقائی ترقی کیلئے حکومت کے ہاتھ مظبوط کریں گے۔ ہم خیال گروپ کے رکن اسمبلی راجہ اعظم خان نے باقاعدہ طور پر حکومت میں شامل ہونے کا اعلان کیا اور وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان اور کابینہ ممبران نے راجہ اعظم خان کی حکومت میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے خطے کی تعمیر و ترقی، امن اور اتحاد کیلئے نیک شگون قرار دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1129515
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش