0
Thursday 18 Apr 2024 20:32

اسرائیل کی دھمکیوں کے باعث "نیوکلیئر ڈاکٹرائن" کا از سو نو جائزہ لے سکتے ہیں، ایران

اسرائیل کی دھمکیوں کے باعث "نیوکلیئر ڈاکٹرائن" کا از سو نو جائزہ لے سکتے ہیں، ایران
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب کے سینیئر کمانڈر نے کہا ہے کہ اسرائیل کی دھمکیوں کے بعد ایران اپنے "نیو کلیئر ڈاکٹرائن" کا از سر نو جائزہ لے سکتا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے "رائٹرز" کی رپورٹ کے مطابق ایرانی کمانڈر کے بیان کے بعد ایران کے نیوکلیئر پروگرام کے بارے میں خدشات کو بڑھا دیا ہے جبکہ وہ کہتا رہا ہے کہ اس کا پروگرام صرف پرامن مقاصد کے لیے ہے۔ نیوکلیئر سکیورٹی کے انچارج پاسداران انقلاب کے کمانڈر کا حوالہ دیتے ہوئے نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی "تسنیم" نے رپورٹ کیا کہ صہیونی حکومت کی ایران کے نیوکلیئر مراکز سے متعلق دھمکیوں کے بعد ممکن ہوگیا ہے کہ ہم اپنے نیوکلیئر ڈاکٹرائن پر نظرثانی کریں اور اپنے سابقہ مؤقف سے ہٹ جائیں۔ نیوکلیئر پروگرام سے متعلق کوئی بھی حتمی فیصلہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کریں گے، جبکہ مغربی ممالک کو شبہ ہے کہ پروگرام کے فوجی مقاصد ہیں۔

ایران کی وزارت خارجہ نے رائٹرز کی جانب سے معاملے پر ردعمل جاننے کے لیے کی گئی درخواست کا فوری طور پر جواب نہیں دیا۔ ایرانی کمانڈر نے کہا کہ اگر صہیونی حکومت ہمارے نیوکلیئر سینٹرز اور تنصیبات کے خلاف کارروائی کرنا چاہتی ہے تو ہم یقینی طور پر اور واضح انداز میں جدید میزائلز کے ساتھ اس کی نیوکلیئر سائٹس پر جوابی حملے کریں گے۔ واضح رہے کہ 13 اپریل کی شب ایران نے اسرائیل پر تقریباً 300 ڈرون اور کروز میزائل فائر کیے تھے، جسے آپریشن ٹرو پرامس کا نام دیا گیا ہے۔ حملے میں اسرائیلی دفاعی تنصیبات اور فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق یہ حملہ یکم اپریل کو اسرائیل کے دمشق میں ایرانی قونصل خانے پر حملے کے جواب میں ہے، جس میں ایرانی پاسداران انقلاب کے لیڈر سمیت 13 افراد شہید ہوگئے تھے۔ دوسری جانب بظاہر ایران کے خلاف جوابی کارروائی سے باز رہنے کے لیے تمام عالمی دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے گذشتہ روز کہا تھا کہ اسرائیل اپنے بہترین مفاد میں اپنی مرضی کے وقت اور اپنی پسند کی جگہ پر کارروائی کرے گا جبکہ امریکی نشریاتی ادارے کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ اسرائیل کی جانب سے "عید فسح" کے مذہبی تہوار کی تعطیلات گزرنے تک ایران پر حملہ نہ کرنے کا امکان ہے۔
خبر کا کوڈ : 1129587
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش