0
Saturday 11 May 2024 10:11

کسی بھی پلیٹ فارم پر نریندر مودی سے مباحث کیلئے تیار ہیں، راہل گاندھی

کسی بھی پلیٹ فارم پر نریندر مودی سے مباحث کیلئے تیار ہیں، راہل گاندھی
اسلام ٹائمز۔ انڈین نیشنل کانگریس کے لیڈر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ وہ کسی بھی پلیٹ فارم پر وزیراعظم نریندر مودی سے مباحث کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے سپریم کورٹ کے سابق جج مدن بی لوکور، دہلی ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس اور انگریزی روزنامہ دی ہندو کے سابق ایڈیٹر انچیف کی طرف سے دی گئی دعوت کو قبول کر لیا ہے۔ ان معزز شخصیات نے وزیراعظم نریندر مودی اور راہل گاندھی کو کھلے مباحث سے متعلق دعوت نامہ روانہ کیا تھا۔ راہل گاندھی نے کہا کہ مودی اگر ان کے ساتھ مباحث‌ میں حصہ نہیں لینا چاہتے ہیں تو وہ پارٹی کے قومی صدر ملکارجن کھرگے کے ساتھ مباحث میں حصہ لے سکتے ہیں۔ ملک کی مشہور و معروف شخصیات نے نریندر مودی اور کانگریس لیڈر راہل گاندھی کو کھلے مباحث کی دعوت دی تھی۔ دعوت نامہ میں کہا گیا ہے کہ ہمیں یقین ہے عوامی بحث کے ذریعہ ہمارے سیاسی لیڈروں کو براہ راست سننے سے شہریوں کو بہت فائدہ ہوگا اور اس سے ہمارے جمہوری عمل کو نمایاں طور پر مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔

سپریم کورٹ کے سابق جج مدن بی لوکر، دہلی ہائی کورٹ کے سابق جج اے پی شاہ اور سینئر صحافی این رام کی جانب سے دونوں لیڈٖروں کو تحریر کردہ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ آپ نے مختلف حیثیتوں میں ملک کے تئیں اپنا فرض ادا کیا ہے۔ ہم آپ کے پاس ایک تجویز لے کر آرہے ہیں جس کے بارے میں ہمارا خیال ہے کہ یہ ہر شہری کے وسیع تر مفاد میں ہے۔ 18ویں پارلیمنٹ کے عام انتخابات اپنے وسط میں پہنچ چکے ہیں۔ ریلیوں اور عوامی خطابات کے دوران حکمران جماعت بی جے پی اور اپوزیشن کانگریس دونوں کے ارکان نے ہماری آئینی جمہوریت کے بنیاد سے متعلق اہم سوالات کئے ہیں۔ سرکردہ شخصیات نے اپنے مکتوب میں مزید کہا ہے کہ عوام کے ایک رکن کی حیثیت سے ہمیں تشویش ہے کہ ہم نے دونوں طرف سے صرف الزامات اور چیلنجز سنے ہیں اور کوئی معنی خیز جواب نہیں دیکھا۔ ان حالات میں یہ یقینی بنانا بہت اہم ہے کہ عوام کو بحث کے تمام پہلوؤں کے بارے میں اچھی طرح سے جانکاری دی جائے تاکہ وہ ووٹنگ کے وقت ایک بہتر متبادل کا انتخاب کر سکیں۔
خبر کا کوڈ : 1134242
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش