0
Sunday 18 Dec 2011 17:17

پاکستان پر امریکی ڈرون حملوں میں برطانیہ ملوث ہے، برطانوی میڈیا

پاکستان پر امریکی ڈرون حملوں میں برطانیہ ملوث ہے، برطانوی میڈیا
اسلام ٹائمز۔ پاکستان میں امریکی ڈرون حملوں میں برطانیہ کے بھی ملوث ہونے کے انکشاف ہوا ہے۔ برطانوی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان کے قبائلی علاقوں میں امریکی ڈرون حملوں کیلئے معلومات کی فراہمی میں برطانیہ کا بھی ہاتھ ہے۔ اس سلسلے میں جی ایچ ایس کیو نامی برطانوی جاسوس ایجنسی امریکی فوج کو ڈرون حملوں کے لئے معلومات فراہم کرتی رہی ہے۔ ان رپورٹس پر رواں برس مارچ میں ڈرون حملے میں ہلاک ہونے والے ایک شخص کے بیٹے نور خان نے برطانوی وکلاء کی فرم لی ڈے اینڈ کو سے رجوع کیا ہے، یہی وہ فرم ہے جس نے گوانتاموبے جیل کے قیدیوں اور عراق میں برطانوی فوجیوں کے ظلم کا شکار ہونیوالے افراد کے معاملات اٹھائے تھے۔ جس کے بعد لندن کے ان وکلاء نے وضاحت کیلئے حکومت کو قانونی نوٹس ارسال کردیا ہے۔
فرم کی جانب سے برطانوی دفتر خارجہ کو ارسال کردہ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے شمالی سرحدی علاقوں میں ہونے والے امریکی ڈرون حملے سینکڑوں شہریوں کی ہلاکت اور پاکستان کے عدم استحکام کا سبب بن رہے ہیں۔ اس فرم کے انسانی حقوق ڈویژن کے سربراہ رچرڈ اسٹین کا کہنا ہے کہ ہم نے پاکستانی سرزمین پر ہونے والے ڈرون حملوں میں برطانیہ کے ملوث ہونے کے حوالے سے اپنی حکومت سے متعدد سوالات پوچھے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک اندازے کے مطابق ان حملوں میں ہزاروں افراد ہلاک ہوچکے ہیں حالانکہ پاکستان سے ہماری فوجی جنگ بھی نہیں چل رہی، ہمارا ماننا ہے کہ یہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے اپنے وزیر خارجہ سے پوچھا ہے کہ کیا واقعی برطانوی حکومت کے ایجنٹ امریکی فورسز کو ان حملوں میں معاونت کرتے رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 123281
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش