0
Saturday 18 Feb 2012 23:59

امریکہ کو مداخلت کا جواز نہیں، بلوچستان میں بنگلہ دیش جیسے حالات پیدا ہو رہے ہیں، مولانا عبدالغفور

امریکہ کو مداخلت کا جواز نہیں، بلوچستان میں بنگلہ دیش جیسے حالات پیدا ہو رہے ہیں، مولانا عبدالغفور

اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے اسلام کے رہنماء مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ امریکا کو بلوچستان میں مداخلت کی اجازت نہیں، مگر مداخلت کا جواز حکمرانوں نے فراہم کیا۔ ملتان ائیر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالغفور حیدری نے کہا کہ مشرف دور میں بلوچستان کے حالات خراب ہونے شروع ہوئے اور آج بلوچستان میں بنگلہ دیش جیسی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ جے یو آئی نے حکمرانوں کو متعدد بار بلوچستان پر سنجیدہ اقدامات کرنے کی درخواست کی، مگر ان پر توجہ نہیں دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ابھی پانی سر سے نہیں گزرا، بلوچستان میں سیاسی قیدیوں اور لاپتہ افراد کی فوری رہائی، مزاحمت کاروں سے مذاکرات کر کے صورتحال کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔
 
دیگر ذرائع کے مطابق سینٹ میں اپوزیشن لیڈر اور جمعیت علمائے اسلام کے سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے بلوچستان میں بنگلہ دیش جیسے حالات پیدا ہو رہے ہیں۔ ملتان ایئر پورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ وہ حکمرانوں کو مسلسل متوجہ کرتے رہے ہیں کہ بلوچستان ہاتھ سے نکل رہا ہے لیکن کسی نے نوٹس نہیں لیا، اب امریکی کانگریس کی قرارداد نے پریشان کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی قیدیوں کی رہائی اور مزاحمت کاروں سے بات چیت کے ذریعے اب بھی بلوچستان کا مسئلہ حل کیا جا سکتا ہے لیکن طاقت کے استعمال سے مسائل بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ اور عوام سے پوچھے بغیر نیٹو سپلائی بحال کرنا شرمناک فعل ہے۔

خبر کا کوڈ : 138846
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش