0
Tuesday 6 Mar 2012 18:03

پاکستانی فورسز کو بدنام کرنے کیلئے بیرونی ایجنسیاں ٹارگٹ کلنگ کر رہی ہیں، فضل کریم

پاکستانی فورسز کو بدنام کرنے کیلئے بیرونی ایجنسیاں ٹارگٹ کلنگ کر رہی ہیں، فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ سنی فاؤنڈیشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاسی جماعتیں فیملی لمیٹڈ کمپنیاں بن چکی ہیں، حقیقی جمہوریت کے لیے موروثی سیاست کا خاتمہ ضروری ہے، نئے صوبوں کے قیام کو نیا انتخابی ایشو نہ بنایا جائے اور انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کی تشکیل کے لیے تمام سیاسی جماعتیں اتفاق رائے پیدا کریں، بلوچ عوام کو حقوق دینے میں مزید تاخیر نہ کی جائے، بلوچستان میں عوام کی محرومیوں کی آڑ میں ناراض گروپوں نے علیحدگی پسندی کا کھیل شروع کر دیا ہے جو پوری قوم کے لیے تشویش کا باعث ہے، بلوچستان میں بلوچوں کے ساتھ ساتھ آبادکاروں اور سکیورٹی فورسز کے جوانوں کا تحفظ بھی ضروری ہے۔

صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کی بحالی، ناراض بلوچ راہنماؤں کو منانے اور انہیں قومی دھارے میں لانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے کہا کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں اور سیاسی قیادتوں کا ماضی داغدار ہے، تمام پارٹیاں آمریتوں کی پیداوار ہیں، اس لیے سب کو معافی مانگنی چاہیے اور یہ معافی اقتدار کے لیے نہیں قوم کے لیے ہونی چاہیے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ پاکستان کی تمام سیاسی پارٹیاں کسی کرپٹ شخص کو ٹکٹ نہ دینے اور آمریت کی حمایت نہ کرنے کا حلف اٹھائیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں لوگوں کو غائب کرنے اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں بیرونی ایجنسیاں ملوث ہیں تاکہ سارا ملبہ پاکستانی ایجنسیوں پر ڈال کر انہیں بدنام کیا جا سکے، محب وطن طبقات اس عالمی سازش کو ناکام بنائیں گے اور پاک فوج کو بدنام کرنے کی ہر سازش کا راستہ روکیں گے۔ ملاقات کرنے والے وفدکی قیادت سنی فاؤنڈیشن کے چیئرمین عمران حسین چودھری کر رہے تھے۔ 
خبر کا کوڈ : 143468
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش