0
Saturday 10 Mar 2012 20:34

اسرائیل نے بئرسبع کی جامع مسجد عجائب گھر میں تبدیل کر دی

اسرائیل نے بئرسبع کی جامع مسجد عجائب گھر میں تبدیل کر دی
اسلام ٹائمز۔ اسرائیلی حکام نے مقبوضہ فلسطین کے شہر بئرسبع میں ایک جامع مسجد کو عجائب گھر میں تبدیل کر دیا ہے۔ دوسری جانب مقبوضہ فلسطین میں اس اسلام دشمن اقدام کے خلاف شدید ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق انسانی حقوق کی ایک تنظیم "مرکزالعدالہ" کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بئرسبع کی جامع مسجد پر چاروں طرف فوجی پینٹ کر کے اس میں فلسطینی نمازیوں کا داخلہ روک دیا گیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حکومت نے یہ اقدام اسرائیلی عدالت کے فیصلے کے خلاف کیا ہے۔ گذشتہ برس جون میں اسرائیلی عدالت نے مسجد کو میوزیم میں تبدیل کرنے کی اجازت کے بارے میں درخواست مسترد کر دی تھی۔ 

انسانی حقوق کی تنظیم کا کہنا ہے مسجد پر کئی ماہ سے حکومت نے پابندی عائد کر رکھی تھی۔ حال ہی میں جب اچانک ان کی ایک ٹیم نے مسجد کا دورہ کیا تو اس کے چاروں اطراف میں باڑ لگی ہوئی دیکھی، قریب جانے پر معلوم ہوا کہ مسجد پر فوجی رنگ کا پینٹ کر دیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ مسجد کو فوجی میوزیم میں تبدیل کرنا اسرائیلی حکومت کی اسلام دشمنی کی واضح مثال ہے۔ مسجد کو میوزیم میں تبدیل کرنے کی یہ سازش خود صہیونی عدالت کے فیصلے کی بھی سنگین خلاف ورزی ہے۔ 

ادھر دوسری جانب صہیونی حکومت کی جانب سے مسجد کو میوزیم میں تبدیل کرنے کے خلاف بئرسبع میں مقامی فلسطینی آبادی نے سخت احتجاج کیا ہے۔ فلسطینی شہریوں نے مسجد کو فوری طور پر بحال کرنے اور اس کے اندر رکھی گئی تمام ثقافتی اور یہودی تاریخی نوادرات کو ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔ خیال رہے کہ اسرائیل میں گذشتہ کچھ عرصے سے مساجد کے خلاف ایک نئی صہیونی مہم چل رہی ہے۔ اس مہم کے تحت جہاں ایک جانب یہودی آباد کار مساجد پر حملے کر کے انہیں نذر آتش کر رہے ہیں وہیں اسرائیلی حکومت مساجد کو معبدوں اور عجائب گھروں میں تبدیل کرنے کی سازشوں کی مرتکب ہو رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 144422
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش