0
Monday 26 Mar 2012 22:06

آزادی حاصل کرکے کشمیر میں اسلام کے نظامِ عدل و انصاف کا غلبہ چاہتے ہیں، صحرائی

آزادی حاصل کرکے کشمیر میں اسلام کے نظامِ عدل و انصاف کا غلبہ چاہتے ہیں، صحرائی
اسلام ٹائمز۔ تحریک حریت کے جنرل سیکرٹری محمد اشرف صحرائی نے ناگام چاڈورہ میں تحریک حریت ضلع بڈگام کے زیراہتمام منعقدہ سیرت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کے متنازعہ خطہ ارض میں جو بدامنی کی صورتحال گزشتہ 65 سال سے دیکھنے کو مل رہی ہے اس کی سب سے بڑی وجہ بھارت کا ناجائز فوجی قبضہ اور یہاں کے عوام کو اپنے بنیادی اور پیدائشی حق یعنی حق خودرادیت سے محروم کرنا ہے، اس کے علاوہ یہاں کی مسلم اکثریت آبادی کی آزادی برائے اسلام کی جدوجہد کو بھارت اس کے مقامی گماشتوں کے علاوہ قابض فورسز اور دیگر خفیہ ایجنسیوں کے ظلم وجبر اور دیگر استعماری حربوں سے دبانے اور کمزور کرنے کی کوششیں کررہا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ہم بھارت اور پاکستان کی دوستی اور باہمی اچھے تعلقات کے خلاف نہیں، لیکن اگر اس قیمت پر مسئلہ کشمیر کو اس کے تاریخی پسِ منظر میں یہاں کے لوگوں کے ساتھ کئے گئے وعدوں کے تحت حل کرنے کو التوا میں ڈالا جائے تو ایسی پاک بھارت دوستی کو ہم کسی بھی صورت میں تسلیم نہیں کرسکتے۔
 
اسلام ٹائمز کو موصولہ بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ بھارت اور اسکی فورسز کی طرف سے اولیاء کرام کی اس سرزمین پر جو مظالم روا رکھے جارہے ہیں ان میں نوجوانوں کی پکڑ دھکڑ، اُن کو ٹارچر کے ذریعے زیرِ حراست قتل کرنا، سنگ بازی کا الزام دیکر پی ایس اے کے تحت جیلوں میں سڑانا، ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی چادروں کو تار تار کرنا، بستیوں کی بستیوں کو اُجاڑنا اور خاکستر کرنا، شراب اور دیگر منشیات کو عام کرنا، بے راہ روی اور بدکاری کو عام کرنا، غیر اسلامی نظامِ تعلیم کو عام کرنا اور غیر اسلامی نظریات کے غلبے جیسی کارروائیاں شامل ہیں، انہوں نے کہا کہ ان کارروائیوں سے بھارت یہاں کی مسلم اکثریت کی اسلامی شناخت مٹانا چاہتا ہے، لیکن تحریک حریت جموں و کشمیر اس کی قطعاً اور کسی بھی صورت میں اجازت نہیں دےگی۔
 
صحرائی نے کہا کہ سیرت کانفرنسیں منانے سے ہمیں سیرت پاک کا یہ پیغام ہرگز بھولنا نہیں چاہیے کہ ہم جدوجہدِ آزادی برائے اسلام سے سرشار ہوکر صرف اور صرف اﷲ تبارک و تعالیٰ پر ایمان لاکر جدوجہد کو جاری رکھیں، ہم بھارت سے اُس کا کوئی حصہ نہیں چاہتے بلکہ ہم صرف اپنے اس خطہ ارض جموں کشمیر کی آزادی چاہتے جو کبھی بھارت کا حصہ نہیں رہا ہے اور آزادی حاصل کرکے یہاں اسلام کے نظامِ عدل و انصاف کا غلبہ اور اُس کی اقامت چاہتے ہیں، صرف اسی صورت میں برصغیر ہند و پاک میں امن اور خوشحالی کا دور آسکتا ہے اور لوگ سکون اور چین کی زندگی گزار سکتے ہیں۔
 
ترجمان تحریک حریت ڈاکٹر غلام محمد گنائی کے مطابق سیرت کانفرنس کی اس مقدس تقریب کے موقع پر تحریک حریت کے شعبہ دعوت و تبلیغ کے سیکریٹری حافظ بشیر احمد فاروقی اور صدرِ ضلع کولگام محمد شعبان کے علاوہ ایک مقامی دانشور ڈاکٹر ارشد فیاض نے تقریر کرتے ہوئے سیرت مقدسہ کے مختلف پہلوؤں کو اُجاگر کیا، سیکرٹری ضلع بڈگام عبدالمجید نے نظامت کا فریضہ انجام دیا، درایں اثناء ترجمان کے مطابق تحریک حریت کے رہنماء محمد یوسف فلاحی کی رہائی پر تحریکِ حریت اطمینان کا اظہار کرتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 148192
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش