0
Friday 6 Apr 2012 19:00

قیام امن کیلئے کراچی کو 6 ماہ کے لئے فوج کے حوالے کر دیا جائے، رحمت خان وردگ

قیام امن کیلئے کراچی کو 6 ماہ کے لئے فوج کے حوالے کر دیا جائے، رحمت خان وردگ
اسلام ٹائمز۔ تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی پاکستان کی معاشی شہ رگ ہے اور ’’مسلح ونگ‘‘ رکھنے والی سیاسی جماعتیں امریکی ایجنڈے پر عمل پیرا ہو کر کراچی میں بدامنی کر رہی ہیں اس لئے حکومت کراچی کو 6 ماہ کیلئے فوج کے حوالے کر کے اسلحے سے پاک کرے اور چیف جسٹس افتخار چودھری سے اپیل ہے کہ وہ تمام ’’مسلح ونگ‘‘ رکھنے والی سیاسی جماعتوں پر مکمل پابندی عائد کریں۔ سندھ کا صوبائی وزیر داخلہ ایم کیو ایم کا ہونا چاہئے اور انتظامی و پولیس افسران کی تقرریاں اور تبادلے میرٹ پر ہونے چاہئیں جس طرح 1999ء سے 2008ء تک ہوا تو کراچی میں مکمل امن و امان قائم رہا۔

انہوں نے کہا کہ بدترین لوڈشیڈنگ نے ملک کی معیشت اور زراعت کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے اور 18 ویں ترمیم کی منظوری کے بعد صوبوں کو پاور جنریشن کا اختیار مل گیا ہے اس لئے صوبوں کو چاہئے کہ اپنی حدود میں قائم تھرمل پاور سٹیشنز کو فرنس آئل فراہم کر کے پیدا ہونیوالی بجلی کے بل خود وصول کریں تاکہ لوڈشیڈنگ ختم ہو سکے کیونکہ آج بھی ہم 19,885 میگا واٹ بجلی بنا سکتے ہیں اور موجودہ ضرورت 16,500 میگا واٹ ہے مگر حکومت پاکستان تھرمل پاور کمپنیوں کو ادائیگیاں نہیں کرتی جس سے بجلی کی پیداوار رک جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر تھرمل پاور کمپنیوں اور پی ایس او کو ادائیگیاں کرے تاکہ لوڈشیڈنگ میں کمی آ سکے۔

رحمت وردگ نے کہا کہ میں صنعتکاروں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ رضاکارانہ طور پر گیس سے دستبردار ہو جائیں تاکہ تھرمل پاور سٹیشنز کو گیس مل سکے اور وافر سستی بجلی پیدا ہو سکے جس سے ملک میں لوڈشیڈنگ میں کمی آئیگی اور صنعتکاروں کو بھی انڈسٹری چلانے میں آسانی ہو گی اور جب ہائیڈل پاور کی پیداوار 6,500 میگا واٹ پر پہنچ جائے تو گیس کی صنعتوں کو فراہمی شروع کر دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے حافظ سعید کے سر کی قیمت مقرر کرنے کی شدید مذمت کرتے ہیں، انہیں نیٹو سپلائی کی مخالفت کی سزا دی جا رہی ہے۔ رحمت وردگ نے کہا کہ بریگیڈئر علی خان کیخلاف مقدمات ختم کر کے انہیں رہا اور عہدے پر بحال کیا جائے، شوکت ترین محب وطن اور ایماندار بینکار ہیں انہیں رینٹل پاورز کی مخالفت کی سزا دی گئی۔

رحمت خان وردگ نے کہا کہ نیٹو سپلائی بحال نہیں ہونی چاہئے اگر نیٹو سپلائی ملک و قوم کے مفاد میں ہو تو عوام کو آگاہ کیا جائے، نیٹو سپلائی کی بحالی اگر ناگزیر ہے تو اس سے ملکی مفاد حاصل کیا جائے اور نیٹو پر بھاری ٹیکس عائد کر کے عوام کو پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی دی جانی چاہئے، نیٹو کو پیٹرولیم مصنوعات پاکستان کی او ایم سی کی قیمتوں کے مساوی قیمت پر دی جانی چاہئیں اور اگر نیٹو پیٹرولیم مصنوعات امپورٹ کرتا ہے تو اتنا ٹیکس عائد کیا جائے جس سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پاکستان کے مساوی ہو جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر ماہ کے آخر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں بڑھا کر عوام پر ’’مہنگائی کا بم‘‘ گرا دیا جاتا ہے، حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام لائے، حکومت غیر ضروری ترقیاتی بجٹ ختم کرے اور حکومت اپنی شہ خرچیاں ختم کرے اور حکومتی اخراجات 50% کم کئے جائیں، عدلیہ بحالی اور مشرف کیخلاف جس طرح میڈیا نے کردار ادا کیا میری میڈیا سے اپیل ہے کہ اس نااہل حکومت کیخلاف اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔ 
خبر کا کوڈ : 150893
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش