0
Monday 23 Apr 2012 19:11

حکمران پاکستان سے زیادہ امریکی مفادات کو تحفط فراہم کر رہے ہیں، سید وسیم اختر

حکمران پاکستان سے زیادہ امریکی مفادات کو تحفط فراہم کر رہے ہیں، سید وسیم اختر
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کی رابطہ عوام مہم کا مقصد موجودہ حکمرانوں کی کارکردگی سے مایوس عوام تک تبدیلی کے تین نشان اﷲ، محمد ص اور قرآن کا پیغام پہنچانا ہے، پاکستان کی پالیسیوں پر آج بھی جنرل (ر) پرویز مشرف کی باقیات کی چھاپ موجود ہے۔ بھارت، امریکہ اور اسرائیل عالم اسلام کی پہلی ایٹمی ریاست کو برداشت نہیں کر رہے، عوام آئندہ انتخابات میں ووٹ کو امانت سمجھتے ہوئے اصل حق داروں کے سپرد کردیں تاکہ ملک میں خوشحالی اور استحکام آسکے۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے جماعت اسلامی کے زیر اہتمام رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں منعقد کی جانے والی نوید انقلاب کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
 
کانفرنس کی صدارت امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کی جبکہ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع لاہور امیر العظیم، عبد العزیز عابد، ظہور احمد وٹو، ملک جہانگیر حسین بارا، ملک الیاس سمیت دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر سید وسیم اخترنے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ موجودہ حکومت ہر محاذ پر بری طرح ناکام ہوچکی ہے، عوام عدم ریلیف کے باعث خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں، روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ لگانے والے بے نظیر انکم سپورٹ کے ذریعے عوام کو بھکاری بنا رہے ہیں، مہنگائی کی شرح میں 300فیصد تک اضافے نے غریب عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ ایوان صدر سے لے کر نیچے تک کرپشن ہو رہی ہے، وزیر اعظم ایک شخص کی کرپشن چھپانے کے لیے آزاد عدلیہ کی توہین کو اپنے اور پارٹی کے لیے باعث فخر سمجھتے ہیں۔ سید وسیم اختر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام مسلم لیگ اور پیپلزپارٹی کی نورا کشتی سے تنگ آچکے ہیں، مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی جماعتیں نہیں بلکہ گروپس ہیں، آئندہ انتخابات ملک میں بڑی تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہوں گے، انجمن غلامان امریکہ سے چھٹکارا وقت کا تقاضا ہے، موجودہ حکمران پاکستان سے زیادہ امریکی مفادات کو تحفط فراہم کر رہے ہیں، نیٹو سپلائی کی بحالی کو قوم مسترد کرتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 155780
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش