0
Wednesday 6 Jun 2012 03:13

کالعدم پیپلز امن کمیٹی کی بڑھتی ہوئی کارروائیاں کھلی دہشت گردی ہے، ارکان اسمبلی متحدہ

کالعدم پیپلز امن کمیٹی کی بڑھتی ہوئی کارروائیاں کھلی دہشت گردی ہے، ارکان اسمبلی متحدہ
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی نے دہشت گردوں کی بڑھتی ہوئی قتل و غارت گری، بھتہ خوری اور تاجروں کے اغواء میں کالعدم امن کمیٹی کو ملوث قرار دیتے ہوئے اس کی پر زور مذمت کی ہے اور جرائم پیشہ عناصر کی بزدلانہ کارروائیوں پر اپنی سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ کالعدم امن کمیٹی کے دہشت گردوں کے خلاف جب آپریشن شروع ہوتا ہے تو شہر میں بھتہ خوری، اغواء برائے تاوان اور دیگر جرائم کی وارداتیں رک جاتی ہیں اور جونہی آپریشن نادیدہ قوتوں کے اشاروں پر روکا جاتا ہے تو یہ وارداتیں پھر عروج پر آجاتی ہیں اور آج شہر جن قوتوں کے ہاتھوں یرغمال ہے ان کا تعلق بھی کالعدم امن کمیٹی اور ان سے جڑے دیگر دہشت گرد اور جرائم پیشہ گروہوں سے ہے جن کی بیخ کنی کی کوئی بھی مؤثر کوشش کامیاب نہیں ہونے دی جاتی جس کے باعث شہر کا امن داﺅ پر لگا ہے، خوف و ہراس کے سائے چھائے ہوئے ہیں، کاروبارِ زندگی مفلوج ہے اور انسانی ذہنوں پر اس کے انتہائی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ دہشت گرد عناصر اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لئے شہر کا امن خراب کر رہے ہیں، قتل و غارت گری، بھتہ خوری، اغواء برائے تاوان کی اپنی سماج دشمن سرگرمیوں میں اضافہ کرکے شہر کو اسلحہ کے بل بوتے، دہشت گردی اور غنڈہ گردی کے ذریعے یرغمال بنانے کی کوشش کررہے ہیں جو ملک بھر کے محب وطن اور قانون پسند حلقوں کیلئے باعث تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کراچی میں جرائم پیشہ عناصر کی کھلے عام کاروائیوں پر پولیس و دیگر اداروں کی غفلت مجرمانہ ہے اور اسی مجرمانہ غفلت کے باعث ایم کیو ایم کے کارکنان سمیت کئی بے گناہ افراد جرائم پیشہ عناصر کی سفاکانہ کاروائیوں کا نشانہ بن چکے ہیں اور آج بھی اپنی جان و مال کے عدم تحفظ کا شکار ہیں۔

ارکان قومی اسمبلی نے صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، وفاقی مشیر برائے داخلہ رحمان ملک، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ کالعدم امن کمیٹی کے جرائم پیشہ دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے، شہر کے امن، صنعتی و اقتصادی اور کاروباری ترقی کو داؤ پر لگا کر ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے والے جرائم پیشہ عناصر کا خاتمہ کیا جائے اور عوام اور کاروباری حضرات کو جان و مال کے تحفظ کی فراہمی کیلئے تمام ممکنہ سرکاری وسائل اور ذرائع استعمال میں لائے جائیں۔
خبر کا کوڈ : 168537
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش