0
Saturday 16 Jun 2012 01:12

امام خمینی رہ اسلام کے آفاقی پیغام کے علمبردار ہیں، علامہ ہاشم موسوی

امام خمینی رہ اسلام کے آفاقی پیغام کے علمبردار ہیں، علامہ ہاشم موسوی
اسلام ٹائمز۔ امام خمینی رہ کی 23ویں برسی کی مناسبت سے مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام خواتین کا ایک تعزیتی جلسہ امام بارگاہ ہزارہ نیچاری کوئٹہ میں منعقد کیا گیا۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء اور امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا کہ امام خمینی رہ کا ہم پر احسان عظیم ہے کہ انقلاب کی برکت سے ہمیں اسلام سے صحیح معنوں میں رہنمائی حاصل کرنے کا سنہری موقع میسر آیا۔ معصومین ع سے روایت ہے کہ جو لوگوں کا شکریہ ادا نہیں کرتا وہ اللہ تعالٰی کا بھی شکریہ ادا نہیں کرتا۔ یقیناً ہر ذی شعور انسان یہ سمجھتا ہے کہ کسی کو اپنے اوپر احسانات کرنے والے کو نہیں بھولنا چاہئیے۔ بلکہ اس کی یاد کے ذریعے شکریہ کا اظہار کرنا حق بنتا ہے۔ لہٰذا ہمیں بھی چاہیئے کہ امام خمینی رہ کی یاد کو ہمیشہ زندہ رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ انکے عظیم احسانات کا یہی تقاضا ہے کہ ہم ان کی یاد کو ہمیشہ تازہ رکھیں، اس میں ہماری بھلائی ہے۔
 
ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم ایسا نہیں کرینگے تو ایک عظیم ہستی سے اپنی زندگیوں کو منور کرنے میں لاپرواہی کا مظاہرہ کرینگے اور محروم رہینگے۔ امام خمینی رہ کے عظیم انقلاب نے دنیا کو انسانیت کا واضح پیغام دیا اور ظلم، جبر اور شیطانی طاقتوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے اور اپنے حقوق کے لئے جدوجہد کرنے کا مضبوط حوصلہ عطا کیا۔  انہوں نے کہا کہ امام خمینی رہ نے دنیا کو اسلام کے آفاقی پیغام سے روشناس کرایا، جس کی بدولت آج اسلام دنیا کے کونے کونے میں پہنچ گیا ہے۔ آج ہمیں اسلام سے آشنائی کا مکمل موقع میسر ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ امام خمینی رہ کے انقلاب سے پہلے امام زمانہ عج کی ذات گرامی سے کم لوگ آشنائی رکھتے تھے، لیکن آج بچے بچے کی زبان پر امام زمانہ عج کی دعائے سلامتی کا ورد ہے۔ یہ اس بات کی طرف نشاندہی ہے کہ امام خمینی رہ کے انقلاب اسلامی سے امام زمانہ عج کے ظہور کیلئے زمینہ سازی ہو رہی ہے۔ اور انشاء اللہ وہ دن دور نہیں کہ جب پورے عالم پر امام زمانہ عج کی الہٰی حکومت قائم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ امام خمینی رہ اسلام کے آفاقی پیغام کے علمبردار ہیں، ان کو کسی خطے تک محدود کرنا ان کی شخصیت کو نہ سمجھنے والی بات ہے۔ امام خمینی رہ کا الٰہی آفاقی پیغام دنیا کے تمام انسانوں کے لئے ہدایت کا ذریعہ ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ ان کے عظیم پیغامات کو درجہ بہ درجہ مسلمان اور دنیا کی دیگر اقوام سمجھ رہے ہیں۔ تیس سال بعد کے آثار پچھلے ایک ڈیڑھ سال میں دنیا میں نمایاں ہو رہے ہیں۔ حتیٰ کہ خود سامراجی طاقتوں کے اندر بھی انقلاب کی بازگشت سنائی دے رہی ہے۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین ضلع کوئٹہ کی شعبہ خواتین کا بھی اعلان کیا گیا۔ جس کی ضلعی سیکرٹری جنرل حاجی کنیز زہرا خانم خواہران کی طرف سے متفقہ طور پر منتخب ہوئیں۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین نے ملت کے لئے اپنی بھرپور خدمت اور جذبے کا اظہار کیا۔
خبر کا کوڈ : 171587
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

متعلقہ خبر
ہماری پیشکش