0
Friday 17 Aug 2012 23:31

اسرائیل کی نابودی کا وقت آ چکا ہے یہ جلد نقشے سے مٹ جائیگا، القدس ریلی

اسرائیل کی نابودی کا وقت آ چکا ہے یہ جلد نقشے سے مٹ جائیگا، القدس ریلی
اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان، مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ آرگنائزیشن پاکستان کے زیر اہتمام اسلام پورہ سے کربلا گامے شاہ تک القدس ریلی نکالی گئی جس کی قیادت آئی ایس او پاکستان کے مرکزی راہنما ابوذر مہدی نے کی القدس ریلی سے علامہ سید جواد نقوی، علامہ عبدالخالق اسدی، ناصر عباس، امجد کاظمی ایڈوکیٹ، احمد رضا خان، لال مہدی اور سید علی طاہر موسوی نے خطابات کئے۔ ریلی میں خواتین، بچوں، جوانوں اور بزرگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی، جنہوں نے حزب اﷲ، فلسطین اور آئی ایس او پاکستان کے پرچم اٹھا رکھے تھے جبکہ مائیں اپنے شیر خوار بچوں کے ہمراہ خصوصی طور پر کفن پوش حالت میں ریلی میں شریک تھیں۔

ریلی میں چھوٹے بچوں کے ایک مسلح دستے نے بھی شرکت کی، جنہوں نے کھلونا بندوقیں اٹھائی ہوئی تھیں۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ بیت المقدس اور فلسطین کی آزادی کے لئے پاکستانی عوام متحد ہے اور آج استعمار دیکھ لے کہ امام خمینی(رہ) کے حکم پر پوری دنیا میں مردہ باد اسرائیل و امریکہ کے نعرے بلند ہو رہے ہیں اور پوری مسلم دنیا یوم القدس منا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ریلی میں شریک شیر خوار بچے اس بات کا اعلان ہے کہ ہماری مائیں فلسطین کی آزادی کے لئے اپنے ’’علی اصغر‘‘ قربان کرنے پر آمادہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ سانحہ ناران، گزشتہ برس کوئٹہ میں ہونے والے یوم القدس ریلی پر بم دھماکے کی کڑی ہے، اس کے ذریعے پاکستان کے مسلمانوں کو قبلہ اول اور مستضعفین جہاں سے اظہار یکجہتی سے روکنے کی مذموم اور ناکام کوشش ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ ہم نے حمایت مظلومین فلسطین کے جرم میں اپنے جوانوں اور بزرگوں کے جنازے مسلسل اٹھائے ہیں، استعمار یہ نہ سمجھے کہ سانحہ کوئٹہ اور سانحہ چلاس و ناران کے بعد ہم حمایت فلسطین سے دستبردار ہوں گے، ہم خون کے آخری قطرے تک خط ولایت فقیہ سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

مقررین نے کہا کہ اسرائیل کی نابودی کا وقت آ چکا ہے اور بہت جلد اسرائیل دنیا کے نقشہ سے مٹ جائیگا۔ مقررین نے کہا کہ عرب ممالک میں اسلامی بیداری کی لہر اسرائیل کو ملیا میٹ کر دے گی۔ انہوں نے کہا کہ برما میں مسلمانوں پر مظالم اور اسلامی تحریکوں کو کچلنے کے لئے سامراج کی آلہ کار حکومتوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شام میں جاری کشیدگی کے پیچھے بھی امریکہ و اسرائیل کا ہاتھ ہے اور شام کی عوام اور حکومت کو فلسطینی بھائیوں کی حمایت کی سزا دی جا رہی ہے۔ انہوں کہا کہ عرب حکمران استعمار کے آلہ کار بن کر مسلم امہ کو نقصان پہنچا رہے ہیں، ان کے اقتدار کا سورج بہت جلد غروب ہونے والا ہے۔

مقررین نے عالمی برادری سے، اقوام متحدہ، او آئی سی اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ غزہ کی ناکہ بندی ختم کی جائے، بیت القدس کو مکمل طور پر کھول دیا جائے اور صہیونی فلسطین سے فوری طور پر نکل جائیں۔ انہوں نے کہا کہ آج یوم القدس امام خمینی(رہ) کے فرمان پر یہ اعلان کرتا ہے کہ فلسطین کے مظلوم مسلمان تنہا نہیں بلکہ پوری دنیا کے غیور مسلمان ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم فلسطین کی مکمل آزادی اور صہیونیوں کے انخلا تک چین سے نہیں بیٹھیں گے اور حکومت پاکستان سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ فلسطینی عوام کے حقوق کے لئے آواز بلند کریں اور اقوام متحدہ سمیت دیگر اداروں کو مجبور کیا جائے کہ وہ فلسطین کی آزادی میں اپنا کردار ادا کریں۔

مقررین نے آخر میں کہا کہ یہ شہادتیں بیت المقدس کی آزادی اور اسرائیل کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گی انشاء اﷲ راہ امام راحل امام خمینی(رہ ) کے حکم پر چلتے ہوئے حزب اﷲ لبنان کی طرح فلسطین کے مظلوم عوام بھی اسرائیل کو توہین آمیز شکست سے دوچار کریں گے۔ ریلی کے آخر میں امریکہ و اسرائیل کے پرچم بھی نذر آتش کئے گئے۔ اس موقع پر فضا مردہ باد امریکہ، مردہ باد اسرائیل، مردہ باد دشمن ولایت فقہیہ کے نعروں سے گونج اٹھی۔
خبر کا کوڈ : 188323
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش