0
Saturday 3 Nov 2012 18:25

علامہ طاہر القادری 23 دسمبر کو سیاست نہیں ریاست بچانے آ رہے ہیں، صادق قریشی

علامہ طاہر القادری 23 دسمبر کو سیاست نہیں ریاست بچانے آ رہے ہیں، صادق قریشی
اسلام ٹائمز۔ تحریک منہاج القرآن کے نائب امیر صادق قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان ایک نظریاتی ملک ہے مگر 65 سال سے یہاں اسلاف کے نظریات اور اسلامی اقدار دونوں کا وجود وقت کے ساتھ تنزلی کا شکار رہا اور اب نوبت یہاں تک پہنچ گئی ہے کہ ریاست پاکستان کو سنگین خطرات نے گھیر رکھا ہے۔ علامہ طاہر القادری 23 دسمبر کو سیاست نہیں ریاست بچاؤ کے ایجنڈے کے ساتھ وطن واپس آ رہے ہیں،مینار پاکستان میں لاکھوں افراد کے سامنے وہ اہم اعلان کریں گے۔

منہاجینز کے زیر اہتمام ’’سیاست نہیں وطن بچاؤ‘‘ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دسمبر کا آخری عشرہ پاکستان کی تکمیل کی طرف اہم قدم ہو گا، عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر ملک میں روایتی سیاست اور کرپٹ نظام انتخاب کے خلاف مینار پاکستان میں موجزن ہو گا۔ صادق قریشی نے کہا کہ موجودہ انتخابی نظام کی قباحتوں نے عوام کو حقیقی جمہوریت سے کوسوں دور کر دیا ہے، الیکشن کی رسم کو جمہوریت کہنے والا دو فی صد طبقہ عوام کے حقوق پر شب خون مارنا وراثتی حق سمجھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ اس بد تر ین آکٹوپس جو موجودہ نظام انتخاب کی شکل میں عوام کو جکڑے ہوئے ہے، کے بازو کاٹ کر اپنے آپ کو آزاد کروایا جائے۔ محمد جواد حامد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کی جدوجہد ملک کو حقیقی جمہوریت سے ہمکنار کرنے سے عبارت ہے اور عوام کے چہرے پر خوشحالی اور سکون کی رونق اس وقت تک واپس نہیں آ سکتی جب تک موجودہ نظام انتخاب سے غیرجمہوری اجزاء کا خاتمہ نہیں کر دیا جاتا، 23 دسمبر کینسر زدہ نظام کی سرجری کے آغاز کا دن ہو گا۔

رانا محمد ادریس نے کہا کہ ریاست کے استحکام کے ساتھ ہی 19 کروڑ عوام کی خوشیاں وابستہ ہیں، عوام کو ڈاکٹر طاہر القادری کے ریاست بچانے کے ایجنڈے کے ساتھ اتفاق کر کے حقیقی جمہوریت کیلئے وہی کردار ادا کرنا ہو گا جو تحریک پاکستان کے وقت کیا تھا، مسلمانان ہند نے انگریز کی غلامی سے نجات حاصل کی تھی، آج موجودہ ظالمانہ نظام انتخاب کی غلامی سے نجات کا مسئلہ درپیش ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر ابو الحسن، سجاد العزیز، شہزاد رسول قادری، عباس نقشبندی، رانا نفیس قادری اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 208732
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش