0
Thursday 8 Nov 2012 00:00

ملتان، ایم کیو ایم کے وفد کا جماعت اسلامی کے دفتر کا دورہ

ملتان، ایم کیو ایم کے وفد کا جماعت اسلامی کے دفتر کا دورہ
اسلام ٹائمز۔ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ممبر افتخار رندھاوا اور کرامت شیخ کی قیادت میں ایک وفد نے دفتر جماعت اسلامی میں ضلع ملتان کے نو منتخب امیر میاں آصف محمود اخوانی سے ملاقات کی، جماعت اسلامی کے رہنماء عارف محمود سمرا، کنور محمد صدیق، شیخ عبدالماجد، حسنین رضا اور عثمان غازی بھی ان کے ہمراہ تھے، ایم کیو ایم کے وفد کا جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے پر تپاک استقبال کیا اور ان کے خیر سگالی کے جذبے کی تعریف کرتے ہوئے میاں آصف محمود اخوانی نے کہا کہ ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہنا چاہئے، اس سے ایک دوسرے کے نقطہ نظر کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے اور رواداری کو فروغ ملتا ہے۔ ایم کیو ایم کے تحت ہونیوالے ریفرنڈم کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اس ریفرنڈم سے طالبان کے بارے میں ہی نہیں بلکہ اسلام کے بارے میں غلط پیغام جائے گا، کیونکہ صوم و صلوة کے پابند اور اسلام کے چاہنے والوں کا نام طالبان ہے، جو افغانستان میں اسلام اور اپنی آزادی وخود مختاری کیلئے امریکہ کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں، پاکستان میں بم دھماکے خودکش حملوں اور دہشت گردی کے واقعات میں جرائم پیشہ اور امریکہ و بھارت کے تربیت یافتہ ایجنٹ ملوث ہیں، ان کا طالبان یا اسلام سے کوئی تعلق نہیں یہ د ہشت گرد طالبان کا نام استعمال کررہے ہیں اور ان کے اقدامات کی ہرشخص مذمت کرتا ہے کیونکہ ملک میں خودکش حملے و بم دھماکے کرنے والوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں یہ انسانیت کے دشمن ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے پاکستان کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل کیا تھا، اس کیلئے قوم نے ہر طرح کی قربانیاں دی تھیں اور پاکستانی قوم پاکستان کے فرمودات کے مطابق اسلام اور اسلامی نظام والا پاکستان چاہتے ہیں، جس میں کسی چور، لٹیرے، ظالم، جاگیرداروں اور وڈیروں کیلئے کوئی جگہ نہیں، ایم کیو ایم کے رہنما افتخار رندھاوا اور شیخ کرامت نے جماعت اسلامی کے رہنمائوں کو ایم کیو ایم کے دفتر آنے کی دعوت دی، جو امیر ضلع میاں آصف اخوانی نے قبول کرلی۔ اس موقع پر افتخار رندھاوا نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے خطے میں رہنے والے لوگوں میں امن، محبت، رواداری، بھائی چارے اور قوت برداشت دیگر خطے کی نسبت زیادہ ہے یہاں تمام دینی و سیاسی جماعتیں باہم مل کر رہتی ہیں ایک دوسرے کے نقطہ نظر کو سمجھتی ہیں ہمیں جماعت اسلامی کے دفتر میں آکر انتہائی خوشی ہوئی ہے، ایم کیو ایم اس ملک میں بھائی چارے اور رواداری کی فضا کو فروغ دینا چاہتی ہے، انہوں نے کہا کہ ریفرنڈم کا مقصد اسلام کو بدنام کرنا نہیں بلکہ دہشت گردی کے خلاف عوام میں شعور اُجاگر کرنا ہے۔
خبر کا کوڈ : 210030
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش