0
Friday 16 Nov 2012 14:44

ایم کیو ایم اور مذہبی قوتوں کو لڑانے کی سازش کی جا رہی ہے، علامہ طاہر اشرفی / وسیم اختر

ایم کیو ایم اور مذہبی قوتوں کو لڑانے کی سازش کی جا رہی ہے، علامہ طاہر اشرفی / وسیم اختر
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی ہدایت پر ایم کیو ایم کے وفد نے اسلام آباد میں چیئرمین پاکستان علماء کونسل علامہ طاہر اشرفی، علامہ زاہد محمود قاسمی، مولانا محمد صدیق، علامہ نوید مسعود ہاشمی، مولانا محمد عثمان، مولانا سعد ہزاروی، مولانا محمد امجد سے ملاقات کی اور انہیں الطاف حسین کا پیغام پہنچایا۔ وفد کے ارکان میں اراکین قومی اسمبلی وسیم اختر، عبد القادر خانزادہ، اقبال محمد علی خان اور ممبر سی ای سی زاہد ملک شامل تھے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم اختر نے کہا کہ مساجد اور امام بارگاہیں امن کے مراکز ہیں جہاں امن آشتی و یگانگت اور خلوص کا درس دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین نے انہیں دوٹوک کہا کہ انہوں نے مدارس اور مساجد کے کوائف اکٹھے کرنے کا نہیں بلکہ صرف اتنا کہا کہ ہر محلے دار کو پتہ ہونا چاہئے کہ ان کا امام اور خطیب کون ہے کہیں ایسا نہ ہو کوئی ان کے روپ میں کوئی غیر قانونی سرگرمی کرجائے۔

اس موقع پر پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ کراچی میں ایک سازش کے تحت ایم کیو ایم اور مذہبی قوتوں کو لڑانے کی سازش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا، انہوں نے کراچی میں دینی مدارس کے طلبہ اور علماء کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات کا اتفاق کیا کہ مذہبی ہم آہنگی رواداری ہمارے روشن مستقبل کی ضمانت ہے اور ہم سب کو مل کر پاکستان سے انتہا پسندی کا خاتمہ کرنا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 212288
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش