0
Wednesday 12 Dec 2012 22:57

مسئلہ کشمیر بھارت اور پاکستان کے امن و استحکام میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، گیلانی

مسئلہ کشمیر بھارت اور پاکستان کے امن و استحکام میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، گیلانی
اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر بھارت اور پاکستان کے امن، استحکام اور خوشحالی میں سب سے بڑی حائل رکاوٹ ہے اور اس دیرینہ تنازعے کو شارٹ کٹ اور پیوندکاری کے ذریعے حل کرایا جانا ممکن نہیں، انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان ایک دوسرے کے ساتھ کتنے ہی معاہدے کریں، البتہ تنازعہ کشمیر کے تاریخی پس منظر، کشمیری قوم کی خواہشات اور قربانیوں کو بائی پاس کرکے کوئی بھی معاہدہ پائیدار اور دیرپا ثابت نہیں ہوسکتا اور وہ شملہ سمجھوتے اور تاشقند معاہدے کی طرح ایک لاحاصل عمل قرار پائے گا، جن کے ذریعہ سے مسئلہ کشمیر کے حل میں ایک انچ بھی پیش رفت نہیں ہوسکی۔

انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہم نے ہر مذاکراتی عمل کی مخالفت کرنے کی قسم نہیں اٹھا رکھی، البتہ جب تک بھارت اس بات کو غیر مبہم انداز میں تسلیم نہیں کرتا کہ کشمیر اس کا اٹوٹ انگ نہیں بلکہ ایک متنازعہ خطہ ہے اور اس کے مستقبل کا تعین کرنے میں کشمیری عوام کی رائے کو ہی بنیاد بنانا مقدم اور اولیٰ ہے، ہمارے نزدیک تب تک کسی بھی اس طرح کے عمل کو سنجیدہ اور بامعنی قرار نہیں دیا جاسکتا اور یہ بات کسی بھی طور نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوسکتی، انہوں نے کہا کہ ہماری اس راست گفتاری اور واضح اسٹینڈ کو ایک سازش کے تحت ہٹ دھرمی کا نام دیا جاتا ہے اور اس کو انتہاء پسندی پر محمول کیا جاتا ہے، حالانکہ یہ محض ایک شاطرانہ اور فریب کارانہ پروپگنڈا ہے، جس کا مقصد حقیقت پسندانہ رویہ اختیار کرنے والوں کو بدنام کرانا ہے۔
خبر کا کوڈ : 220600
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش