0
Sunday 30 Dec 2012 14:33

آئی ایس او نیو ائیر نائٹ کو ’’شب دعا‘‘ کے طور پر منائے گی، عابد حسین

آئی ایس او نیو ائیر نائٹ کو ’’شب دعا‘‘ کے طور پر منائے گی، عابد حسین
اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان لاہور ڈویژن کے صدر عابد حسین نے کہا ہے کہ نیو ائیر نائٹ جیسے غیر اسلامی تہوار کے ذریعے بے حیائی، فحاشی اور عریانیت کو فروغ دیا جا رہا ہے، نئی نسل کو اسلامی تہذیب و تمدن سے دور کرکے مغربی کلچر اور غیر شرعی رواج کی طرف راغب کیا جا رہا ہے، سکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں میں دین اسلام کی تعلیمات سے دور طلباء و طالبات نیو ائیر نائٹ جیسے غیر اسلامی پروگراموں میں شرکت کرکے اخلاقیات کا جنازہ نکال رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا مسلمان ہونے کے ناطے ہمیں دین اسلام، قرآن و سنت اور سیرت اہلبیت (ع) کے ساتھ اپنا تعلق مضبوط اور مستحکم بنانا چاہئے، مگر افسوس منچلی قوم خرافات میں پڑ کر اسلام کی دھجیاں اُڑانے میں مگن ہے۔ 

اُنہوں نے کہا الیکٹرانک میڈیا پر بھارتی غیر اسلامی کلچر کی بھرمار سے اسلامی معاشرے میں سکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں، گھروں میں نوجوان نسل کی شرم و حیاء کا جنازہ نکل چکا ہے، موجودہ حکومت نے ملکی بقاء کیلئے کوئی کام تو اچھا نہیں کیا لیکن اس قسم کے غیر شرعی تہوار پر تاحیات پابندی عائد کرکے ملک میں بڑی تعداد میں بے حیائی، فحاشی کے فروغ کو کنٹرول کرکے غیرت ایمانی کا مظاہرہ کرسکتی ہے۔ آئی ایس او لاہور ڈویژن کے صدر نے کہا نیو ائیر پروگراموں کا انعقاد کرنے والوں کا دین اسلام سے کوئی تعلق نہیں، اسلام بے حیائی، فحاشی و عریانی کی مذمت کرتا ہے، یہ لوگ اس قسم کے بے حیائی پر مبنی پروگراموں کا انعقاد کرکے مالک کائنات کے درد ناک عذاب کو دعوت دے رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا نوجوان نسل کو اس قسم کے لغو پروگراموں کے انعقاد میں شرکت کی بجائے اس کی بھرپور انداز سے مذمت کرنی چاہئے نیز اس قسم کے غیرشرعی تہواروں کا مسلمانوں کی تہذیب سے کسی بھی قسم کا کوئی تعلق نہیں۔

اُنہوں نے مزید کہا اگر نوجوان نسل دنیا اور آخرت میں سرخرو اور کامیاب و کامران ہونا چاہتی ہے تو ان کو سچے دل سے دین اسلام کی طرف پلٹ آنا چاہئے اور قرآن و حدیث کو اپنے جسموں، گھروں، سکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں میں عملی طور پر نافذ کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس او نیو ائیر نائٹ کو شب دعا کے طور پر منائے گی، انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ اس شب شیطانی محافل کا بائیکاٹ کرکے روحانی محافل کا اہتمام کریں اور اپنے دوستوں کو ان روحانی محافل میں مدعو کریں۔
خبر کا کوڈ : 226425
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش