0
Tuesday 8 Jan 2013 21:08

قاضی حسین احمد عظیم رہنما تھے، خلا مدتوں پورا نہیں ہو گا،حافظ ریاض نجفی

قاضی حسین احمد عظیم رہنما تھے، خلا مدتوں پورا نہیں ہو گا،حافظ ریاض نجفی
اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس شیعہ پاکستان کے سربراہ علامہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے کہا ہے کہ قاضی حسین احمد بھی داغ مفارقت دے گئے، قاضی صاحب انتہائی متحرک شخصیت، ملنسار، خوش اخلاق، سچے پاکستانی تھے، ان کی فکر و عمل فرقہ واریت سے بالکل پاک تھی، فقط اتحاد بین المسلمین ہی کے داعی نہیں بلکہ پورے عالم اسلام کے حامی تھے، اگرچہ ان کا دائرہ عمل بہت وسیع تھا مگر بنیادی طور پر جماعت اسلامی کو حددرجہ فعال و متحرک کیا، جماعت کے کارکنوں کو ایک نیا جوش، ولولہ دیا۔ حافظ ریاض حسین نجفی نے کہا کہ اپنے مخصوص مزاج و رویے کے باعث سب میں مقبول اور ہردلعزیز تھے، بین الاقوامی سیاسیات خصوصاً امت مسلمہ کے امور پر گہری نظر رکھتے تھے، امریکہ کے نام کو گالی بنا دیا، وطن و دین کے شیدائی تھے، چنانچہ عوام کے دل میں اسلام اور پاکستان کی محبت پیدا کی، یہی وجہ ہے کہ اسلامی دنیا کے پہلے انقلاب، انقلاب اسلامی جمہوری ایران سے محبت و پیار کرتے تھے، بکثرت دورے کئے وہاں کے بڑے بڑے علماء اور اعلیٰ عہدیدار قاضی صاحب کا انتہائی احترام کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ علمی و ادبی ذوق کے مالک تھے، علامہ اقبال کے اشعار اس قدر حفظ تھے کہ انہیں ’’حافظ اقبال‘‘ کہا جا سکتا ہے، گزشتہ ربع صدی سے بدقسمتی سے وطن عزیز کو فرقہ وارنہ منافرت کے جس دلدل میں دھکیلا گیا، قاضی حسین احمد نے نہایت جرات مندی سے فرقہ واریت کے خاتمہ اور قومی یکجہتی، اخوت، رواداری کے فروغ کیلئے علم جہاد بلند کیا، ملی یکجہتی کونسل کا احیاء کر کے فرقہ پرستوں کے عزائم پر کاری ضرب لگائی اور اسے باقاعدہ غیر سیاسی تنظیم کے طور پر از سر نو فعال کیا۔ انہوں نے کہا کہ دینی جماعتوں کے اصرار پر ملی یکجہتی کونسل کی سربراہی قبول کرتے ہوئے اپنی شخصیت میں اخوت، محبت، امانت، دیانت، شرافت کے اوصاف منوائے، سب کی عزت کرتے، اخلاق سے پیش آتے، کافی دفعہ ان سے محافل و علیحدگی میں ملاقاتیں ہوئیں، احساس ہوتا کہ مرد مومن سے مل رہے ہیں، بےداغ شہرت کے مالک تھے، خالق حقیقی کی بارگاہ میں چلے گئے، ان کا متبادل کون ہو گا؟ پاکستانی قوم بلکہ امت مسلمہ ایک عظیم مسلمان، ایک عظیم محب وطن سے محروم ہو گئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 229302
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش