0
Wednesday 23 Jan 2013 23:07

بھارت تنازعہ کشمیر سے راہ فرار اختیار کر رہا ہے، نعیم خان

بھارت تنازعہ کشمیر سے راہ فرار اختیار کر رہا ہے، نعیم خان
اسلام ٹائمز۔ تنازعہ کشمیر اور اقوام متحدہ کے مابین معالج و مریض کا تعلق قرار دیتے ہوئے جموں و کشمیر نیشنل فرنٹ کے چیئرمین نعیم احمد خان نے بتایا کہ بھارت تنازعہ کشمیر سے فرار کی راہیں تلاش کررہا ہے تاہم اُس کیلئے ایسی کوئی بھی راہ موجود نہیں ہے اور اُس کیلئے فرار کے بچے کھچے راستے کشمیری عوام کی عظیم قربانیوں سے بند ہوچکے ہیں، نعیم احمد خان کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ معالج کبھی کبھار مریض کا علاج کرنے سے کتراتا ہے مگر اُس کا فرض منصبی اسے زیادہ دیر تک ایسا کرنے کی اجازت نہیں دیتا ہے، ٹھیک اسی طرح اقوام متحدہ بھی آج نہیں تو کل تنازعہ کشمیر کے حل کی خاطر آگے آکر اس دیرینہ انسانی مسئلے کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے نپٹائے گا، نعیم احمد خان نے تنازعہ کشمیر کے حل کو ٹائم باونڈ بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے بتایا کہ نئی دہلی کو چاہئے کہ وہ اسلام آباد اور کشمیری عوام کی با اعتبار قیادت کے ساتھ بیٹھ کر تنازعہ کشمیر کو اُس کے تاریخی پس منظر میں حل کرنے کی سعی کرے بصور ت دیگر ایک ایسی صورتحال پیدا ہونے کا احتمال ہے جس میں عالمی برادری اقوام متحدہ کے ذریعے مداخلت کرنے پر مجبور ہوجائے گی، انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کے مزاحمتی جذبے کو توڑنے کی کوششیں کررہا ہے اور اس کیلئے اُس نے سیاسی و فوجی سطحوں کے ساتھ ساتھ نفسیاتی سطح کا آپریشن بھی شروع کر رکھا ہے اور اقوام متحدہ کے مبصرین کی کشمیر کے اندر موجودگی کے بارے میں اُس کا تازہ بیان بھی اُسکے نفسیاتی آپریشن کا ہی حصہ ہے۔

نعیم احمد خان نے بتایا کہ جو بھارت نواز کشمیر حل کی باتیں کرتے تھکتے نہیں اور جو عوام کو دھوکہ دینے کیلئے بیانات دینے کا ڈھونگ رچا رہے ہیں اُن کی اصلیت اُسی وقت سامنے آجاتی ہے جب وہ 26 جنوری یا 15اگست کے موقعوں پر بھارتی ترنگے کے سامنے سرنگوں ہوکر بھارت کے تئیں اپنی وفاداری کا ثبوت فراہم کرتے ہیں، انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ 26 جنوری کو حسب دستور یوم سیاہ مناکر دنیا پر یہ بات واضح کریں کہ ہم نہ بھارت کے ساتھ کوئی دلچسپی رکھتے ہیں اور نہ ہمیں بھارت کی جمہوریت قبول ہے جو ہمیں چھ دہائیوں کے زیادہ عرصہ سے ڈنس رہی ہے اور جس نے محض گذشتہ دو دہائیوں کے دوران ہمارے ایک لاکھ نفوس کو مزاروں تک پہنچایا، نعیم احمد خان نے کہا کہ بھارت کی استعماری قوتوں نے کشمیریوں کو کبھی گاﺅ کدل، کبھی سوپور، کبھی ہندوارہ، کبھی بارہمولہ تو کبھی دیگر مقامات پر خاک و خون میں غلطاں کرکے ہرانے کی کوشش کی تاہم اس کی ایسی تمام کوششیں ناکام ہوگئی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 234039
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش